محمد تسکین
بانہال//جموں سرینگر شاہراہ پر قریب 33مقامات پر پسیاں گر آئیں اور سمرولی کے مقام پر شاہراہ کا پورا حصہ ڈھہ گیا جس کے نتیجے میں شاہراہ مکمل طور پر بند ہوگئی ، جسے ٹھیک کرنے میں 2دن کا وقت درکار ہوگا۔ کئی مقامات پر مٹی کے تودے گرآئے، پنتھیال سمیت متعدد جگہوں پر پتھر گرے، اور بیشتر مقامات پر ملبہ گرآیا۔جموں و کشمیر ٹریفک پولیس نے کہا”جموںسرینگرشاہراہ کئی مقامات پر پتھراؤ/ لینڈ سلائیڈنگ کی وجہ سے بلاک ہوگئی، پوشانہ میں مٹی کے تودے گرنے کی وجہ سے مغل روڈ بھی بلاک ہو گئی اور چینی نالہ پر لینڈ سلائیڈنگ ہو گئی۔منگل کو شدید بارش کے بعد جموں سرینگر شاہراہ کو پنتھیال میں مسلسل پتھرگرنے کی وجہ سے بند کر دیا گیا۔ایک ایڈوائزری میں، ٹریفک پولیس نے کہا “پوری شاہراہ پر شدید بارش اور پنتھیال اور دیگر مقامات پر 3000 چھوٹی بڑی گاڑیاںدونوں طرف پر پھنسی ہوئی ہیں۔ایس ایس پی رام بن نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ رام بن سے ادہمپور تک مختلف مقامات پر 1500مال بردار ٹرک اور 500مسافر گاڑیاں در ماندہ ہیں جن میں زیادہ تر سیاح ہیں۔شاہراہ پر تباہ کن صورتحال پیش آنے کے نتیجے میں7ٹرک ملبے میں پھنس گئے، اور2الٹ گئے ۔اسکے علاوہ کھڑی، رام بن اور ادہمپور میں فور لین شاہراہ کی تعمیراتی کمپنی کی بھاری مشینری بھی ملبے کے نیچے آگئی ہے۔ دیول پل ادہمپور میں فور لین شاہراہ کے ایک ٹیوب کا حصہ مکمل طور پر دھنس گیا اور شاہراہ کہیں نظر نہیں آرہی ہے جبکہ دورے ٹیوب پر پہاڑیوں سے بھاری پسیاں اور پتھر گر آئے ، جس کی وجہ سے رام بن گول، ڈوڈہ اور کشتواڑ کیلئے ٹریفک کی آمد و رفت مکمل طور پر بند ہوگئی ہے۔رام بن کے مقام پر زیر تعمیرپیڑا پل سیلابی پانی سے تباہ ہوگیا ، جس کے ستون پانی بہا کر لے گیا۔ٹریفک پولیس کے مطابق دیول پل، سمرولی ، ڈنگی پلی اور دھرمتھل( اْدھم پور)، ساریکا مندر (ناشری) کے علاوہ رام بن کے ڈلواس، پیڑا پل،کنفر نالہ ، ڈوگی پلی، کنڈی نالہ، مہار، کیفے ٹیریا موڑ، شانپنسل ، ترشول موڑ ، سیری ، چمبہ سیری T2 ، سیتا رام پسی، ماروگ ،بیٹری چشمہ، انوکھی فال، ڈگڈول ،گجر موڑ،خونی نالہ، پنتھیال اسٹیل سرنگ، T 5 مقامات پر لینڈ سلائیڈنگ، پتھر اور پسیاں گر آئیں جبکہ موم پسی (رامسو) کے علاوہ بانہال کے گنگرو،ہنگنی ، ویگن،سلاد،شیر بی بی چملواس رامپاری اور رتن باس کے مقامات پر مٹی کے تودے ، پتھر اور بھاری کیچڑ شاہراہ پر گرا۔