رام بن//جموں۔ سرینگر شاہراہ کی بہتری میںمعمور کنٹریکٹر کمپنیاں شاہراہ کے ناشری سے بانہال تک کے حصہ کی مرمت کرنے میں ناکام رہی ہیںجسکی وجہ سے شاہراہ پر چلنے والے مسافروں کو کافی مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔اُنہیں اپنے منزل و مقصود تک پہنچنے میں کافی وقت لگتا ہے کیونکہ اس سڑک گہرے گڑھے بنے ہوئے ہیں،جو کئی مقامات پر ایک فٹ تک گہرے ہیں۔اس شاہراہ پر چلنے والے مسافروں کا کہنا ہے کہ یہ شاہراہ گاڑیوں کے چلنے کے قابل نہیں رہی ہے اور کسی بھی وقت کوئی سانحہ ہو سکتا ہے۔طلبا و طالبات کا بھی کہنا ہے کہ ہم جان کی بازی لگا کر اس سڑک پر سفر کرتے ہیں۔اُنہوں نے حُکام پر الزام لگایا ہے کہ وہ خواب غفلت میں سوئی ہوئی ہے جسکی وجہ سے اس شاہراہ پر گھنٹوں ٹریفک جام لگتا ہے۔ان لوگوں کی شکایت ہے کہ اس شاہراہ پر دو سال قبل مرمت کا کام شروع کیا گیا تھا تاہم سرکار کی کوتاہی سے یہ کام مکمل نہیں ہوا ہے۔اُنہوں نے سرکار سے اس شاہراہ پر ٹریفک بغیر کسی خلل کے جاری رکھنے کے لئے سڑک کی فوری مرمت کرنے کی اپیل کی ہے کیونکہ یہ کشمیر اور لداخ خطہ کے لئے واحد رابطہ ہے۔