رمیش کیسر
نوشہرہ // جموںراجوری۔پونچھ قومی شاہراہ پر پیش آئے ایک دل دہلا دینے والے سڑک حادثے میں دادا اور پوتے کی موت ہو گئی۔ یہ حادثہ تحصیل سندر بنی کے راسلیوٹ بملہ مقام پر اس وقت پیش آیا جب ایک کار اور ٹرالہ آمنے سامنے سے ٹکرا گئے۔ اس المناک سانحے کے بعد پورے علاقے میں غم و اندوہ کی فضا چھا گئی ہے۔پولیس سے موصولہ جانکاری کے مطابق جموں سے سندر بنی کی طرف آرہی ایک آئی ٹن کار زیر نمبر JK11A-3874 جیسے ہی راسلیوٹ بملہ کے مقام پر پہنچی تو سامنے سے آرہے ایک ٹرالہ زیر نمبر JK02DN-9628 سے زور دار ٹکر ہو گئی۔ اس شدید تصادم میں کار سوار سابق ماسٹر دیو راج موقع پر ہی دم توڑ بیٹھے جبکہ کار چلا رہے مانک رینہ شدید زخمی ہو گئے۔زخمی مانک رینہ کو فوری طور پر مقامی لوگوں اور پولیس کی مدد سے سب ڈویژنل ہسپتال سندر بنی منتقل کیا گیا، جہاں ڈاکٹروں نے ابتدائی علاج شروع کیا تاہم اس کی حالت نازک ہونے کے باعث اسے بچایا نہ جا سکا اور وہ بھی زخموں کی تاب نہ لا کر دم توڑ گیا۔پولیس نے اطلاع ملتے ہی موقع پر پہنچ کر دونوں گاڑیوں کو اپنی تحویل میں لے لیا اور ٹرالے کے ڈرائیور کو گرفتار کر لیا ہے۔ اس سلسلے میں پولیس نے باقاعدہ مقدمہ درج کر کے مزید تفتیش شروع کر دی ہے تاکہ حادثے کی وجوہات کا پتہ لگایا جا سکے۔معلوم ہوا ہے کہ جاں بحق مانک رینہ اپنے والدین کا اکلوتا بیٹا تھا، جس کی موت کی خبر پھیلتے ہی پورے سندر بنی سب ڈویژن میں صف ماتم بچھ گئی۔ علاقے کے لوگ اس اندوہناک حادثے پر گہرے صدمے اور افسوس کا اظہار کر رہے ہیں اور متاثرہ خاندان کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کر رہے ہیں۔اس حادثے نے ایک بار پھر قومی شاہراہ پر ٹریفک نظام اور تیز رفتاری کے خطرات کو اجاگر کر دیا ہے۔ مقامی لوگوں نے انتظامیہ سے اپیل کی ہے کہ وہ شاہراہ پر مؤثر ٹریفک کنٹرول اور حفاظتی اقدامات کو یقینی بنائے تاکہ آئندہ ایسے دلخراش واقعات سے بچا جا سکے۔