عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//جموں اینڈ کشمیر ملک پروڈیوسرز کوآپریٹو لمیٹڈ کی 20ویں سالانہ جنرل باڈی میٹنگ بورڈ کے چیئرمین اے کے انگورانہ کی صدارت میں منعقد ہوئی۔ جین مہتا، منیجنگ ڈائریکٹر جی سی ایم ایم ایف لمیٹڈ اور دھیرج چودھری، ایم ڈی مہسانہ یونین جی سی ایم ایم ایف نے بھی میٹنگ میں شرکت کی۔ میٹنگ میں جے کے ایم پی سی ایل کے منتخب بورڈ ڈائریکٹرز کے ساتھ جموں و کشمیر سے ولیج ڈیری کوآپریٹو سوسائٹیز کے 500چیئرمینوں/ ممبران نے بھی شرکت کی۔چیئرمین نے کہا کہ جے کے ایم پی سی ایل جموں و کشمیر کی سرکردہ ڈیری کوآپریٹو تنظیم کے طور پر ابھری ہے، جس نے ہزاروں دودھ پروڈیوسروں کو ان کی روزی روٹی کو سہارا دے کر بااختیار بنایا ہے اور ساتھ ہی معیاری دودھ اور دودھ کی مصنوعات کی مسلسل فراہمی کو یقینی بنایا ہے۔ یہ بات قابل ذکر ہے کہ پچھلے سال کے دوران سیلز ٹرن اوور میں 25% اضافہ حاصل ہواہے اور پہلی بار JKMPCL نے 339 کروڑ کا کاروبار عبور کیا ہے۔مالی سال 2023-24 کے دوران، 1500 سے زیادہ کسان ممبران پر مشتمل تقریباً 40 بیچوں کو تربیت کے لیے NDDB جالندھر، RICM چندی گڑھ، اور NDDB آنند کو بھیجا گیا ۔ منیجنگ ڈائریکٹر جین مہتا نے کہا کہ ادارے نے روزانہ 2.50 لاکھ لیٹر سے زیادہ کی خریداری کی ہے۔ مالی سال 2023-24 کے دوران JKMPCL جموں و کشمیر میں ‘امول پیٹرن’ پر کوآپریٹو ماڈل کے ذریعے ڈیری ترقی کی ایک مثال بن گیا ہے۔