پارٹی نے جشن منایا،ڈوڈہ، اودھم پور 8 فروری، ریاسی 10 ، راجوری ، پونچھ ، کشتواڑ میں 13 فروری کو انتخابات ہونگے
جموں // بی جے پی کے ڈی ڈی سی ممبران نے جموں کے علاوہ کٹھوعہ اضلاع کے دونوں چیئرپرسن اور نائب چیئرپرسن کی نشستوں پر بغیر کسی مخالفت کے کامیابی حاصل کی۔تاہم ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (اے ڈی سی) ، جموں ستیش کمار شرما کے مطابق ڈنسال سے نیشنل کانفرنس ڈی ڈی سی کی ممبر شمیمہ بیگم جموں ضلع میں انتخابات سے غیر حاضر رہی۔شرما نے کہا "کل منتخب 14 ڈی ڈی سی میں سے چیئرپرسن اور نائب چیئرپرسن کے انتخابات میں 13 ممبران نے حصہ لیا جبکہ ڈنسال سے این سی کی منتخب شدہ ڈی ڈی سی ممبر غیر حاضر رہی"۔انہوں نے کہا کہ سچیت گڑھ سے آزاد ڈی ڈی سی ترنجیت سنگھ ٹونی نے چیئرپرسن بھارت بوشن بودھی اور سورج سنگھ کے نام نائب چیئرپرسن کے نام تجویز کیے۔ انہوں نے مزید کہا "منتخب ہونے والے دونوں ڈی ڈی سیوں کا انتخاب ڈی ڈی سی ممبران نے متفقہ طور پر کیا‘‘۔یہاں یہ یاد رہے کہ ترنجیت سنگھ نے سابق وزیر شیام چودھری کو شکست دینے کے بعد ڈی ڈی سی انتخابات میں کامیابی حاصل کی تھی جنہوں نے بی جے پی ٹکٹ پر سچیت گڑھ سے ڈی ڈی سی امیدوار کے طور پر انتخاب لڑا تھا۔دریں اثنا ، ضلع کٹھوعہ میں منتخب ہونے والے تمام 14 ڈی ڈی سی ممبروں نے چیئرپرسن اور وائس چیئرپرسن کے لئے نامزدگی داخل کرنے کے ساتھ انتخابی عمل کا آغاز کیا۔ڈی سی کٹھوعہ نے کہا "میرہین (کٹھوعہ) سے منتخب ڈی ڈی سی کرن کمار نے بسوہلی 3 سے منتخب ڈی ڈی سی ، چیئرپرسن کے لئے کرنل مہان سنگھ کے نام کی تجویز پیش کی اور ڈی ڈی سی بکرم سنگھ نے اس کی تائیدکی۔وائس چیئرپرسن کے لئے انہوں نے کہا کہ ڈی ڈی سی ڈنگا امب ، ریمپی چاڑک نے کٹھوعہ 7 سے منتخب ڈی سی ممبر رگھونندھن سنگھ کی تجویز پیش کی اور ڈی ڈی سی ممبر ناریان دت نے اس کی تائیدکی۔انہوں نے مزید کہا کہ دونوں امیدواروں کو ڈسٹرکٹ الیکشن آفیسر کٹھوعہ نے بلا مقابلہ کامیاب قراردیا۔بعدازاںجموں اور کٹھوعہ کے ڈپٹی کمشنرز نے نومنتخب چیئرپرسن اور نائب چیئرپرسن کو اپنے عہدے کا حلف دلایا۔قابل ذکر ہے کہ ڈوڈہ اور ادھم پور اضلاع میں 8 فروری اور ضلع ریاسی میں 10 فروری کو انتخابات ہوں گے جبکہ راجوری ، پونچھ اور کشتواڑ اضلاع میں 13 فروری 2021 کو چیئرپرسن اور نائب چیئر پرسن انتخابات ہونے والے ہیں۔