جموں//کشمیر اور جموں کے تجارتی وصنعتی نمائندہ انجمنوں کے ذمہ داران نے ریاستی گورنر ستیہ پال ملک سے ملاقات کرکے ریاست میں تجارت و صنعت کو درپیش مسائل سے انہیں آگاہ کیا ۔اتوار کوکشمیر چیمبر آف کامرس آف انڈسٹریزکے صدرشیخ عاشق احمد کی سربراہی میں ایک وفد نے یہاں راج بھون میں گورنر ستیہ پال ملک کے ساتھ ملاقات کی۔وفد نے ریاست کو صنعتی مراعات دینے کیلئے گورنر کا شکریہ ادا کیا۔وفد نے صنعتی سیکٹر کو فروغ دینے سے متعلق کئی دیگر معاملات پر بھی گورنر کے ساتھ تبادلہ خیال کیا۔گورنر نے کہا کہ ریاست کے حق میں حال ہی میں اعلان کی گئی صنعتی پالیسی مقامی کارخانہ داروں کے لئے سود مند ثابت ہوگی۔اس موقعہ پر صنعت و حرفت کے پرنسپل سیکرٹری شالین کابرا بھی موجود تھے۔ادھرفیڈریشن آف انڈسٹریز جموں کے چیئرمین للت مہاجن کی سربراہی میں ایک وفد نے یہاں راج بھون میں گورنر ستیہ پال ملک کے ساتھ ملاقات کی۔وفد کے ساتھ تبادلہ خیال کے دوران گورنر نے کہا کہ مرکزی حکومت ریاست میں صنعتی سیکٹر کو مزید بڑ ھاوا دینے کے لئے ہر ممکن کوششیں بروئے کار لائے گی۔ انہوں نے کہا کہ صنعتی ترقی پیکج ریاست کو دی گئی مراعات چھوٹی اور بہت چھوٹی صنعتوں کے فروغ کے لئے دُور درس تنائج کی حامل ثابت ہوں گی اوراس کے علاوہ مقامی بے روز گار نوجوانوں کو روز گارکے مواقعے بھی فراہم ہوں گے۔وفد نے صنعتی مراعات ریاست میں توسیع دینے کے لئے گورنر کا شکریہ ادا کیا۔ وفد کے ممبران نے صنعتوں سے جڑے کئی اہم معاملات پر گورنر کے ساتھ تبادلہ خیال کیا جن میں ایل او سی ٹریڈ بھی شامل ہے۔گورنر نے وفد کی جانب سے اُبھارے گئے معاملات غور سے سُننے کے بعد پرنسپل سیکرٹری صنعت و حرفت کو ہدایت دی کہ وہ صنعتوں سے جڑے معاملات کو جلد از جلد حل کرانے کے اقدامات کریں۔انہوں نے کہا کہ ریاست میں صنعتی شعبۂ کو فروغ دینے کے لئے ضروری اقدامات کئے جائیں گے۔اس موقعہ پر صنعت و حرفت کے پرنسپل سیکرٹری شالین کابرا کے علاوہ دیگر کئی شخصیات بھی موجود تھیں۔