آنے والے 7روز میںدرجہ حرارت 44ڈگری عبور ہونے کی پیش گوئی
جموں// محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کی ہے کہ موجودہ گرمی کی لہر کے پیشِ نظر مئی کے آخر تک زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت سرینگر میں 34ڈگری جبکہ جموں میں 44 ڈگری سیلسیس سے تجاوز کر سکتا ہے۔ موسمیاتی مرکز سرینگر کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ وادی کشمیر میں اگلے 7دنوں کے دوران موسم خشک رہنے کے باعث درجہ حرارت میں مزید اضافہ ہونے کاامکان ہے ۔ منگل کے روز سرینگرمیں دن کا درجہ حرارت 29ڈگری کوچھوگیا جبکہ دیگر 9اضلاع میں پارہ 27سے30ڈگری درج ہوا۔اُدھر جموں شہرمیں گرمی کی شدید لہر کے بیچ منگل کو درجہ حرارت 43ڈگری سینٹی گریڈتک پہنچ گیا۔ موسمیاتی مرکز سرینگر کے مطابق کشمیرمیں 28مئی تک مجموعی طور پر کوئی خاص موسمی سرگرمی نہیں ہوگی۔تاہم 21سے28مئی تک موسم عام طور پرخشک رہنے کیساتھ ساتھ الگ تھلگ مقامات پر گرج چمک کے ساتھ بارش کے امکان کو رد نہیں کیا جا سکتا۔انہوں نے کہا کہ 28مئی تک وادی کا درجہ حرارت 34ڈگری تک پہنچ سکتا ہے جس کے نتیجے میں دن کے اوقات میں گرمی کی شدت میں اضافہ ہوا۔ منگل کو محکمہ موسمیات نے کہا کہ جموں میں بارش کا کوئی امکان نہیں ہے اور مئی کے آخر تک موسم عام طور پر خشک رہے گا۔ اُنہوں نے بتایا، “چونکہ دن کا درجہ حرارت 41 ڈگری سے 42 ڈگری کے درمیان ریکارڈ کیا جاتا ہے، اس لیے آنے والے دنوں میں یہ 44 ڈگری کو عبور کرنے کی توقع ہے”۔ محکمہ کے مطابق، جموں میں 26 مئی 1984 کو زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 47.4 ڈگری ریکارڈ کیا گیا تھا اور یہ اب تک کا سب سے زیادہ تھا۔ 23 مئی 2023 کو 42.0 ، 15 مئی 2022 کو 43.9 ڈگری ، 27 مئی 2021 کو 41.6، 28 مئی 2020 کو 42.6، 31 مئی 2019 کو 44.1، 30 مئی 2018 کو 43.5، 27 مئی 2017 کو 41.7، 20 مئی 2016 کو 43.2، 26 مئی 2015 کو 40.5 اور 29 مئی 2014 کو 41.8 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا تھا۔ عہدیدار نے کہا کہ 21 سے 28 مئی 2024تک عام طور پر خشک موسم کے ساتھ الگ تھلگ مقامات پر گرج چمک کے ساتھ بارش کے امکان کو رد نہیں کیا جا سکتا جبکہ مجموعی طور پر 28 مئی تک کوئی بڑی موسمی سرگرمی نہیں ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ جموں صوبہ کے میدانی علاقوں میں گرمی کی لہر پہاڑی اضلاع اور کشمیر صوبہ کے میدانی علاقوں میں گرم اور خشک موسم اگلے 7 دنوں کے دوران جاری رہنے کا امکان ہے۔ دریں اثنا جموں کے سکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ نے سکول کے اوقات میں تبدیلی کی ہے۔ گرمی کی موجودہ لہر کے پیش نظر سکول اب صبح 8 بجے سے دوپہر 12 بجے تک کام کریں گے۔ لیہہ میں موسمیاتی مرکز کے ڈائریکٹر سونم لوٹس نے کہا، “سوموار کو زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 42.3 ڈگری ریکارڈ کیا گیا اور منگل کو یہ 42.5 ڈگری ریکارڈ کیا گیا”۔ انہوں نے کہا کہ آنے والے دنوں میں پارہ مزید اوپر جائے گا۔