عظمیٰ نیوز سروس
بڈگام//وزیر اعظم نریندر مودی نے اتوار کو اَمرت بھارت سٹیشن سکیم کا آغاز کیا اور اِس سکیم کے تحت ملک بھر میں زائد اَز 24,470 کروڑ روپے کی لاگت سے 508 ریلوے سٹیشنوں کی تجدید کاری کے لئے بذریعہ ویڈیو کانفرنسنگ سنگ بنیاد رکھا۔لیفٹیننٹ گورنر منوج سِنہا نے بڈگام ریلوے سٹیشن پر ایک تقریب میں شرکت کی۔لیفٹیننٹ گورنر نے اَپنے خطاب میں اَمرت بھارت سٹیشن سکیم کے تحت جموںوکشمیر یوٹی میں جموی توی ، ادھمپور اور بڈگام کے تین سٹیشنوں کو شامل کرنے پر وزیر اعظم کا شکر یہ اَدا کیا۔اُنہوں نے کہا جموںوکشمیرمیں ریلوے سٹیشنوں کی دوبارہ ترقی سے کنکٹویٹی کو زبردست فروغ ملے گا ۔
لیفٹیننٹ گورنر نے کہا،’’ میرا ماننا ہے کہ ریلوے کنکٹویٹی معاشرے کی لائف لائن ہے، ایک ریلوے لائن نہ صرف مختلف خطوں کے ساتھ رابطے کو مضبوط کرتی ہے بلکہ یہ اِقتصادی خوشحالی اور معیار ِزندگی میں بہتری لاتی ہے‘‘۔اُنہوں نے ریلوے کے جاری منصوبوں اور ریلوے شعبے میں ہونے والی مجموعی تبدیلی پر روشنی ڈالی۔ اُنہوں نے کہا کہ وزیرا عظم کی رہنمائی میں ہم وادی کشمیر میں بے مثال ریل پروجیکٹوں کا مشاہدہ کرتے ہیں۔ لیفٹیننٹ گورنر نے کہا،’’ اِس مالی برس کے آخیر تک کشمیر کنیاکمار ی سے منسلک ہوجائے گا اوریہ وادی کو ملک کے تمام اہم تجارتی مراکز سے جوڑدے گا۔‘‘اُنہوں نے کہا کہ ریلوے بورڈ نے بارہمولہ ۔
بانہال ریلوے لائن کی کشمیر ۔ڈبلنگ ، نیو بارہمولہ ۔ اوڑی ، اونتی پورہ ۔ شوپیان، سوپور ۔ کپواڑہ اور اننت ناگ ۔ بجبہاڑہ ۔ پہلگام ریل لائن کے پانچ فائنل لوکیشن سروے کے کاموں کو منظوری دی ۔اُنہوں نے مزید کہا کہ منظور ی کے بعد نئے نیٹ ورک وادی میں ریل رابطے کو فروغ دیں گے۔لیفٹیننٹ گورنر نے لوگوں کی بڑھتی ہوئی اُمنگوں کو پورا کرنے والے فضائی او رسڑک کے رابطے کو مضبوط بنانے لئے جموںوکشمیر یوٹی اِنتظامیہ کی جانب سے متعارف کی گئی اِصلاحات کا بھی اِشتراک کیا۔