عظمیٰ نیوزسروس
جموں//چیف سیکرٹری اَتل ڈلو نے ایک میٹنگ کی صدارت کی جس میں جموں و کشمیر بھر میں’ یومِ آئین‘ (سمودھان دیوس) کی شاندار تقریبات کی تیاریوں کا جائزہ لیا گیا۔26؍نومبر 2025ء کو ہونے والی تقریبات ہندوستان کے آئین کی منظوری کے 75ویں سال کی سال بھر کی یادگاری تقریبات کے اختتام کی علامت ہیں۔جائزہ میٹنگ کے دوران چیف سیکرٹری نے اِس بات پر زور دیا کہ اِنتظامیہ کا مقصد آئین کا پیغام سرکاری حلقوں سے باہر وسیع تر عوام تک پہنچانا ہے تاکہ لوگوں میں آئین کے ساتھ گہرا جذباتی تعلق پیدا ہو اور عوامی شمولیت میں اِضافہ ہوجو کہ اِس عظیم ورثے کا حصہ ہے۔چیف سیکرٹری نے تمام محکموں کو ہدایت دی کہ یومِ آئین پر ہم آہنگ اور مؤثر سرگرمیوں کو یقینی بنائیں۔پرنسپل سیکرٹری کلچر برج موہن شرما نے 26؍نومبر 2025 ء کو منائے جانے والے دِن کے ایکشن پلان کے اہم نکات پیش کئے۔اِس میں ’ ماس پریمبل ریڈنگ ‘بھی شامل ہے جس میں تمام خطے میں آئین کے دیباچے کا اِجتماعی ریڈنگ صبح 11بجے قومی سطح کے پروگرام کے ساتھ ہم آہنگ ہو کر کیا جائے گا۔ یہ تمام سرکاری دفاتر، سکولوں اور کالجوں میں آئینی طور پر تسلیم شدہ زبانوں میں منعقد ہوگا۔ اِس دِن خصوصی دوڑ ’رَن فار جسٹس، لبرٹی، مساوات اور بھائی چارے‘ تمام ضلعی ہیڈکوارٹروں پر منعقد کی جائے گی تاکہ نوجوانوں اور عوام کو فعال طور پر شامل کیا جا سکے۔ اِس کے علاوہ سکول اور کالج خصوصی اسمبلیاں منعقد کریں گے جو آئین ساز اسمبلی میں خواتین اراکین کے کردار اور شراکت پر توجہ مرکوز کریں گے۔ مزید یہ کہ سکولوں، پنچایتوں اور عوامی مقامات پر تمہید کی عکاسی کرنے والا وال آرٹ بنایا جائے گا۔ایکشن پلان میں آئین سے متعلق دستاویزی فلموں اور فلموں کی سکریننگ بھی شامل ہے جس کے لئےconstitution75.com کی فراہم کردہ مواد کا اِستعمال کیا جائے گا۔ وزارتِ پرسنل، پبلک گریوینس اور پنشن کی جانب سے 4:30سے5:30شام تک ایک ویب نار بھی مقرر ہے جسے دیکھنے کی ترغیب دی گئی۔اَتل ڈلو نے سال بھر جاری مہم (26؍نومبر 2024ء تا 26؍نومبر 2025ء) کی پیش رفت کا جائزہ لیتے ہوئے اَب تک ہونے والی وسیع پیمانے کی عوامی رسائی پر اطمینان کا اِظہار کیا۔ 20؍نومبر 2025 ء تک مختلف محکموں جیسے داخلہ، ٹوراِزم، دیہی ترقیات اور سکولی تعلیم کی جانب سے جموں و کشمیر میں مجموعی طور پر 5,009تقریبات منعقد کی گئی ہیں۔میٹنگ کو سالانہ سرگرمیوں کے حوالے سے بتایا گیا کہ یہ مہم نمایاں عوامی شمولیت کا باعث بنی جن میں 3,200حلف برداری و عہد کی تقریبات سب سے نمایاں رہیں۔ ان کے ساتھ 756سمینارو سمپوزیم اور 534بڑے پیمانے پر بیداری مہمات بھی شامل تھیں۔ اِس کے علاوہ مہم میں 291 ثقافتی و موسیقی تقاریب اور 132’رن فار یونٹی‘ پروگرام بھی منعقد کئے گئے تاکہ مختلف سرگرمیوں کو پورا کیا جا سکے۔چیف سیکرٹری نے شہریوں پر زور دیا کہ وہ قومی سطح کی ہفتہ بھر جاری مہم میں حصہ لیں جس میں کمیونٹی مکالمے، کھلی بحثیں اور آن لائن شرکت شامل ہے۔ اُنہوں نے عوام سے ’’آن لائن پلیج‘‘ لینے اور MyGov.in پورٹل پر دستیاب ’سمودھن کوئز‘ میں حصہ لینے کی اپیل کی۔تمام نوڈل اَفسران اور ضلعی اِنتظامیہ کو ہدایت دی گئی ہے کہ ان تاریخی تقریبات کی دستاویزات سرکاری پورٹل www.constitution75.com پر اَپ لوڈ کریں تاکہ اِس قومی موقع کی دیرپا ڈیجیٹل یادگاریں تشکیل دی جا سکیں۔