یو این آئی
نئی دہلی// دہلی میں جمنا ندی کے پانی کی سطح میں جمعہ کو معمولی کمی ریکارڈ کی گئی، حالانکہ یہ اب بھی خطرے کے نشان سے اوپر ہے ۔دہلی کے پرانے ریلوے پل پر پانی کی سطح آج دوپہر 12 بجے 207.24 میٹر تک پہنچ گئی جو جمعرات کی رات 8 بجے 207.42 میٹر تھی۔ دہلی کے پرانے ریلوے پل پر خطرے کا نشان 205.33 میٹر ہے ۔ جمنا میں اب تک کی سب سے زیادہ پانی کی سطح 13 جولائی 2023 کو 208.66 میٹر ریکارڈ کی گئی تھی۔ یکم ستمبر کی رات کو جمنا میں پانی کی سطح خطرے کے نشان سے تجاوز کر گئی تھی۔ دریا کے کنارے نشیبی علاقوں میں پانی بھر جانے کی وجہ سے بہت سے لوگ اپنے گھر چھوڑ کر دوسری جگہ منتقل ہو گئے ہیں جبکہ کچھ لوگوں نے ریلیف کیمپوں میں پناہ لی ہے ۔ دہلی کی وزیر اعلیٰ ریکھا گپتا نے آج دہلی کے تمام ضلع مجسٹریٹوں کے ساتھ آن لائن میٹنگ کی اور جمنا کے پانی کی سطح اور بھاری بارش کی صورتحال کا جائزہ لیا۔ انہوں نے عہدیداروں کو واضح ہدایات دی ہیں کہ چوبیس گھنٹے نگرانی جاری رکھنی چاہئے ، راحتی کاموں میں کوئی کوتاہی نہیں ہونی چاہئے اور دہلی کے ہر باشندے کی حفاظت کو اولین ترجیح دی جانی چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی پوری ٹیم ہر صورت حال سے نمٹنے کے لیے الرٹ اور پوری طرح تیار ہے .شمال مشرقی دہلی کے گڑھی مینڈو گاؤں کے سیلاب سے متاثرہ علاقے سے لاپتہ ہونے والے ایک شخص کی لاش پولیس اور نیشنل ڈیزاسٹر ریسپانس فورس (این ڈی آر ایف) کی مشترکہ تلاشی مہم کے دوران جمعہ کو برآمد کی گئی۔ مرنے والے کی شناخت 45 سالہ عمیر کے طور پر کی گئی ہے جو گڈی مینڈو گاؤں کا رہنے والا ہے ۔ ڈپٹی کمشنر آشیش مشرا کے مطابق عمیر کو 3 ستمبر کی صبح تقریباً 8:30 بجے پشتہ روڈ سے پرانے گاؤں کی طرف جاتے ہوئے دیکھا گیا۔ یہ علاقہ سیلاب سے متاثر ہوا لیکن کسی نے بھی اس کے ڈوبنے کا واقعہ براہ راست نہیں دیکھا۔ اس کے بعد پولیس، ڈی ڈی ایم اے اور این ڈی آر ایف کی ٹیموں نے اہل خانہ کے ساتھ مل کر مسلسل تلاشی مہم چلائی لیکن وہ کہیں نہیں ملا۔ جمعہ کی صبح تقریباً 11 بجے کئے گئے سرچ آپریشن کے دوران پرانے گاؤں گڑھی مینڈو کے قریب سے عمیر کی لاش برآمد ہوئی۔ لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے جی ٹی بی اسپتال بھیج دیا گیا ہے ۔