سرینگر//جمعیت اہلحدیث کی مرکزی مجلس مشاورت کا ایک اجلاس اتوار کو صدر تنظیم پروفیسر غلام محمد بٹ کی صدارت میں منعقد ہوا جس میں طویل وقت تک مختلف معاملات پرسیر حاصل گفتگو ہوئی ۔موصولہ بیان کے مطابق تعلیم ، تبلیغ ، تدریس ، ٹی ایم یو، جریدہ مسلم ، طبی ورفائی معاملات اور مساجد ومدارس ومکاتب کی تعمیر و کارکردگی زیر بحث رہی ۔بیان کے مطابق ہر معاملے پرسیر حاصل گفتگو ہوئی اور قیادت کی جانب سے کئے جانے والے اقدامات کی تعریف کی گئی۔نائب صدر ڈاکٹر عبداللطیف الکندی ، ناظم اعلیٰ عبدالحکیم وانی ، نائب ناظم اعلیٰ محمد سلیم ریشی ، ناظم نشرواشاعت ڈاکٹر مبشر احسن وانی اور ناظم مالیات مشتا ق احمد وانی نے استحکام تنظیم کے حوالے سے مختلف موضوعات پر گفتگو کی۔ صدر تنظیم نے رواں سال کی کارکردگی، مختلف کاموں کی پیش رفت ، حائل مشکلات اور اُن کے حل کے تعلق سے گفتگو کی۔ انہوں نے کہا ’’ مجھے اس بات کی بے حد طمانیت ہے کہ جمعیت کے سارے منصوبوں کو عملانے کے لئے میں نے جب بھی جماعت کو اعانت کے لئے پکارا تو توقع سے کہیں بڑ ھ کر مجھے تعاون ملا یوں یہ جذبہ، شوق وولولہ اور مقصد سے محبت و وابستگی دیکھ کر میری آنکھیں خوشی سے چھلکتی ہیں‘‘۔انہوں نے کہا کہ نظم سے مکمل وابستگی، ڈسپلن کا مظاہرہ اور آئین کی پاسداری کے حوالہ سے ہم حساس ہیں ہی ٗ مگر اس سوچ وفکر کو مزید استوار بنانا ہوگا۔انہوں نے مزید کہا کہ جہاں کہیں بھی دانستہ یا نادانستہ طور خدانخواستہ جماعت و جمعیت میں کوئی رخنہ اندازی یاہلکی سی آئین شکنی نظر آئے تو ذمہ داران فوراً کسی دیر کے بغیر اصلاح احوال کا کام کریں۔پروفیسر موصوف نے کہا کہ ساری اُمت کا اتحاد ہمیں جی جان سے زیادہ عزیز ہے اور قرآن وسنت کو مرکز ومحور جان کر ہی ہم عظمت گم گشتہ واپس حاصل کرسکتے ہیں۔