ڈوڈہ//جمعیتِ اہلِ حدیث ضلع ڈوڈہ کی ایک اجلاس مسجد شریف نیائک پورہ پل ڈوڈہ میں منعقد ہوا جس میں آئندہ تین برس کے لئے نیا نظم تشکیل دینے کے لئے انتخابات عمل میں لائے گئے۔یہاں جاری ایک پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کہ اس موقع پر شیخ نذیر احمد مخدومی اور شیخ عبدالقیوم سراجی ناظمِ انتخاب ضلع ڈوڈہ بھی موجود تھے جن کی نگرانی میں انتخابات کا عمل انجام دیا گیا۔بشارت علی ملک ساکنہ بھاگواہ کو بلا مقابلہ ضلع صدر منتخب کیا گیا اور اُنہوں نے رضوان وانی ساکنہ ڈوڈہ کو اپنا سیکریٹری اورمحمد آصف زرگر ساکنہ کلہوتران بھلیسہ کو آرگنائزر مقرر کیا۔ناظمِ انتخاب عبدالقیوم سراجی نے صدر کو حلف دلانے کے بعد عقیدۂ توحید کے موضوع پر ایک مختصر مگرجامع خطاب کیا جب کہ مرکزی مبصر نذیر احمد مخدومی نے اپنے خطاب میں حاضرین کو اسوۂ رسول ؐ کو اپنانے اور اُسے ہر چیز پر ترجیح دینے کی تلقین کی۔ اپنے خطاب میں نو منتخب صدر نے کہا کہ صدارتی ذمہ داری ایک ایسا بوجھ ہے جس کا اُٹھانا بہت مشکل ہوتا ہے۔اس ذمہ داری کو نبھاتے ہوئے اراکین جمعیت کا اپنی اولاد سے زیادہ خیال رکھنا پڑتا ہے اور منہجِ سلف پر مکمل طور پر چلنا ہوتا ہے۔اُنہوں نے اراکینِ جمعیت سے اپیل کی کہ وہ اُنہیں اپنا بھر پور تعاون فراہم کریں اور وقتاً فوقتاً اپنے قیمتی مشورے دیتے رہیں تاکہ وہ اس ذمہ داری کو بخوبی انجام دے سکیں۔اُنہوں نے اراکین کو بدگمانی سے بچنے ،افواہوں پر کان نہ دھرنے اور اپنے ایمان کی حفاظ کرنے کی تلقین کی۔آخر پرانتخابی عمل کے ناظم محمد رضوان وانی نے انتخابات کے عمل کو کامیابی سے انجام دینے کے لئے اپنا تعاون فراہم کرنے اور نظم و ضبط کی پابندی کرنے پر تمام شرکاء کا شکریہ ادا کیا۔