غلام نبی رینہ ،مشتاق الاسلام
سرینگر کے جمالٹہ علاقے میں آگ کی ایک ہولناک واردات میں6 رہائشی مکانوں کو نقصان پہنچا ہے جبکہ فائر اینڈ ایمرجنسی عملے کی بروقت کارروائی کے نتیجے میں رہائشی مکان میں پھنسے تین افراد کو بچایا گیا تاہم مالک مکان دم گھٹنے سے جاں بحق ہوا۔ پائین شہر کے گنجان آبادی والے علاقے جمالٹہ میں جمعرات کی شام کو رہائشی مکان سے آگ نمودار ہوئی جس نے آناًفاناً اپنے متصل مزید دو کو لپیٹ میں لے لیا۔
اطلاع ملنے کے بعدفائر اینڈ ایمرجنسی نے آگ بجھانے کی کارروائی شروع کی۔فائر اینڈ ایمرجنسی کے ڈپٹی ڈائریکٹر نے بتایا کہ فائر اینڈ ایمرجنسی کے اہلکاروں نے اپنی جانوں کو جوکھم میں ڈال کر ایک ہی کنبے کے تین افراد جو کہ آگ کے شعلوں میں پھنس کر رہ گئے تھے کو بچایا تاہم مالک مکان کی دم گھٹنے سے موت واقع ہوئی،جس کی شناخت 50سالہ بشیر احمد کے بطور ہوئی۔مقامی لوگوں نے بتایا کہ آگ کی اس واردات میں چھ رہائشی مکانوں کو نقصان پہنچا جبکہ تین مکمل طورپر خاکستر ہوئے ہیں۔ ڈپٹی ڈائریکٹرنے بتایا کہ جمالٹہ میںشام چھ بجے رہائشی مکان سے آگ نمودار ہونے کی اطلاع ملتے ہی فائر ٹینڈر جائے موقع پر پہنچے۔انہوںنے عوام الناس سے اپیل کی ہے کہ وہ گلی کوچوں اور شاہراوں پر گاڑی پارک کرنے سے گریز کریں۔انہوں نے بتایا کہ جوں ہی ہم جمالٹہ پہنچے تو یہاں پر شاہراوں پر گاڑیاں پارک کی گئی تھیں جس وجہ سے فائر عملے کو اندر تک جانے میں مشکلات کا سامنا کرناپڑا۔ادھرسونہ مرگ میںجمعرات کو مہاراشٹر سے تعلق رکھنے والا ایک 63سالہ سیاح منوہر موتی رام رنجنی ساکن صولاپورہ مہاراشٹر اچانک بہوش ہوگیا جس کے بعد اس کو فوری طور پر علاج و معالجہ کے لئے پرائمری ہیلتھ سنٹر سونہ مرگ منتقل کیا گیا جہاں پر ڈاکٹروں نے اس کو مردہ قرار دیا۔ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ مذکورہ سیاح کی موت دل کا دورہ پڑنے سے واقع ہوئی۔ادھرضلع پولیس لائینز پلوامہ میں تعینات پولیس کانسٹبل دل کا دورہ پڑنے سے فوت ہوگیا ہے۔جمعرات کی شام پولیس کانسٹبل عمر مشتاق ولد مشتاق احمد گنائی ساکن بھرپورہ جوکہ پولیس لائنز پلوامہ میں تعینات تھا، نے سینے میں درد کی شکایت ظاہر کی،جس کے بعد انہیں علاج و معالجہ کیلئے ضلع ہسپتال روانہ کیا گیا۔ پولیس اہلکار کو ضلع ہسپتال پلوامہ سے ایس ایم ایچ ایس سرینگر منتقل کیا گیا، جہاں جمعرات شام کو مزکورہ اہلکار دم توڑ بیٹھا۔پولیس نے معاملے کاکیس درج کرلیا ہے۔