ترال//سید اعجاز//ترال کی معروف مذہبی شخصیت ، سابق امیر ضلع پلوامہ و سابق معاون قیم جماعت محمد سلطان وانی ساکنہ نئی بگ ترال کو سنیچر کی صبح سپرد خاک کیا گیا۔موصوف جمعہ کی شام مختصر علالت کے بعد سکمز میںانتقال کرگئے تھے۔اُن کی عمر70برس تھی ۔موصوف کی نماز جنازہ میں سینکڑوں افراد نے شرکت کی ،جن میں سماج کے مختلف طبقوں سے وابستہ افراد نے شرکت کی۔سنیچر دن بھراُن کے گھر میں تعزیتی پرسی کا سلسلہ جاری رہا ۔مرحوم ذیابطیس کے مرض میں مبتلا تھے۔ مرحوم بچپن سے ہی جماعت اسلامی کے ساتھ وابستہ تھے۔مرحوم نے سرکاری نوکری کو ٹھکراکر جماعت کے ساتھ ہمہ وقت وابستگی کوہی ترجیحی دی۔اہل خانہ کے مطابق مرحوم طالب علمی کے دورمیں سرگرم کارکن تھے جس کی بنیاد پر انہیں کئی بار جیل بھی جانا پڑا تھااور یہ سلسلہ رواں جدوجہد میں بھی جاری رہا۔رواں جدوجہد بالخصوص اخوان دور میں مرحوم اپنے آبائی علاقے سے ہجرت کرنے کیلئے مجبور ہوگئے تھے ۔مرحوم نہ صرف ترال بلکہ پورے جنوبی کشمیر میں اپنی ایک منفرد پہچان رکھتے تھے ۔