نئی دہلی // جموں و کشمیر جماعت اسلامی پر قوم دشمن اور تخریبی کاروائیوں میں مبینہ طور ملوث قرار دیکر غیر قانونی سرگرمیوں سے روکنے سے متعلق قانون کے تحت پابندی عائد کردی گئی ہے۔اس بات کا فیصلہ وزیر اعظم نریندر مودی کی صدارت میں ہوئی مرکزی کابینہ میٹنگ میں کیا گیا جس کے بعدوزارت داخلہ کی طرف سے ایک نو ٹیفکیشن زیر نمبرS.O 10699(E) بتاریخ 28فروری2019جاری کرکے کہا گیاہے کہ جماعت اسلامی جموں وکشمیر ایسی سرگرمیوں میں ملوث رہی ہے ،جو اندرونی سلامتی اور عوامی نظم وضبط کے متضاد ہیں ۔ نوٹیفکیشن کے مطابق جماعت اسلامی کو غیر قانونی قرار دیکر 5سال تک اس پر پابندی عائد کردی جاتی ہے۔ نو ٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ (الف)جماعت اسلامی کا جنگجو تنظیموں کے ساتھ نزدیکی رابطہ ہیںاور جموں وکشمیرودیگر مقامات پر انتہا پسندی اور عسکریت کی حمایت کرتی ہے ۔(ب)جماعت اسلامی بھارت کے علاقے کے ایک حصے کی علیحدگی کے دعویٰ کی حمایت کرتی ہے اوردہشت گردوں او رعلیحدگی پسند گروپوں کو اس مقصد کیلئے لڑنے کی حمایت کرنے کیلئے ایسی سرگرمیاں جاری رکھتی ہے ،جو بھارت کی علاقائی سالمیت کو خطرے میں ڈالتی ہے۔(پ)جماعت اسلامی ملک میں قوم مخالف اور دیگر دشمنانہ سرگرمیوں میں ملوث رہی ہے تاکہ منافرت کو ہوا دے سکے۔ اسکے علاوہ مرکزی حکومت اس خیال کی حامی ہے کہ اگر جماعت اسلامی کی غیر قانونی سرگرمیوں کو روکا اور قابو نہ کیا گیا تو اس سے یہ منفی نتائج سامنے آسکتے ہیں جن میں اسکے علاوہ مرزی حکومت اس خیال کی حامی ہے کہ اگر جماعت اسلامی کی غیر قانونی سرگرمیوں کو روکا اور قابو نہ کیا گیا تو اس سے یہ منفی نتائج سامنے آسکتے ہیں جن میں (الف)اپنی منفی سرگرمیوں میں تیزی لائے گی جن میں بھارت کے علاقے میں قانونی طور قائم حکومت کو غیر مستحکم کرکے ایک اسلامی ریاست کے قیام کی کوششیں شامل ہیں ۔(ب)وہ جموں وکشمیر ریاست کو بھارت سے علیحدہ کرنے کی وکالت جاری رکھے گی نیز ریاست کا مرکزکے ساتھ الحاق کی مخالفت کرے گی ۔(پ)قوم مکالف اورعلیحدگی جذبات کی تشہیر کرے گی جو کہ ملک کی سالمیت اور سیکورٹی کیلئے خطرناک ثابت ہوگی۔(ت)علیحدگی کی تحریک کو تیز کرے گی ،جنگجوئوں کی حمایت اور ملک میں تشدد کو بھڑکائے گی۔ اسکے علاوہ مرکزی حکومت یہ بھی خیال رکھتی ہے کہ جماعت اسلامی کی سرگرمیوں کے تناظر میں اسے ایک غیر قانونی تنظیم قرار دی جائے جس کا اطلاق فوری طور ہو۔اب اس لئے آئین ہند کے تحت حاصل اختیارات کے مطابق مرکزی حکومت جماعت اسلامی جموں وکشمیر کو ایک ’غیر قانونی جماعت‘ قرار دیتی ہے اور ہدایت دیتی ہے کہ یہ نوٹیفکیشن 5برسوں کیلئے قابل اطلاق ہوگی ۔