فیاض بخاری
بارہمولہ //جل شیری بارہمولہ میں لگا تار بارشوں کی وجہ سے ایک پہاڑ ی سے پتھر اور مٹی گر آنے سے کئی مکانات کو نقصان پہنچا ہے،جس وجہ سے مقامی آبادی میں تشویش کی لہر ڈوڑ گئی ہے ۔ مذکورہ علاقے میں کئی پتھر کی کانیں بھی ہیں ،جو لوگوں کیلئے وبال جان بن گئی ہیں ۔ مقامی لوگو ں کے مطابق حالیہ لگا تار بارشوں کی وجہ سے اس پہاڑ ی سے کئی بڑے پتھر اور مٹی گر آئی، جس کی وجہ سے کئی رہائشی مکانا ت کو جزوی نقصان پہنچا اور یہ سلسلہ لگاتار جاری ہے ۔ ایک مقامی شہری جاوید احمد ڈار نے بتایا کہ علاقے میں پتھرکی کئی کانیں موجود ہیں ،اسی وجہ سے یہاں پر نقصان پہنچا ہے تاہم انتظامیہ سے کی طرف کوئی توجہ نہیں دی گئی ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ ان پتھر کی کانوں سے ہر روز سینکڑوں ٹن مٹی ہٹا کر قیمتی پتھر نکالے جاتے ہیں جنہیں مکانات کی تعمیر اور دیگر کاموں میں استعمال کرکے کچھ لوگ لاکھوں کا منافع کما رہے ہیں، تاہم دوسری جانب یہ پتھر کی کانیں بستی کے بالکل قریب ہیں جو لوگوں کیلئے وبال جان بن گئی ہیں ، اس لئے انتظامیہ کو چاہئے ان کانوں کو فوری طور پر بند کریں جس سے نہ صرف لوگوں کی جان بچے بلکہ اُن کی تعمیرات کو بھی نقصان نہ پہنچے ۔