عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//محکمہ اطلاعات اور تعلقات عامہ نے وسطی کشمیر کے بڈگام ضلع میں کسی بھی تسلیم شدہ میڈیا تنظیم سے وابستگی کے بغیر صحافی کے طور پر ظاہر ہونے والے افراد کی شناخت اور ان کے خلاف کارروائی کرنے کے لیے ایک تصدیقی مشق شروع کی ہے۔اس اقدام کا مقصد جعلی صحافت کی بڑھتی ہوئی لعنت کو روکنا ہے اور اس بات کو یقینی بنانا ہے کہ ضلع میں صرف باوقار میڈیا پروفیشنلز کام کریں۔جاری کردہ ایک باضابطہ مواصلت میں محکمہ نے ورکنگ صحافیوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ اپنے متعلقہ میڈیا اداروں کے اتھارٹی لیٹر کے ساتھ پاسپورٹ سائز کی دو تصویریں تین دن کے اندر ڈسٹرکٹ انفارمیشن آفیسر بڈگام کے دفتر میں جمع کرائیں۔ اس کے بعد جمع کی گئی معلومات کو ریکارڈ کی تصدیق اور سرکاری ایکریڈیشن پروسیسنگ کے لیے ڈائریکٹوریٹ آف انفارمیشن اینڈ پبلک ریلیشنز، جموں کشمیر کو بھیج دیا جائے گا۔عہدیداروں نے کہا کہ یہ قدم سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر کام کرنے والے خود ساختہ “رپورٹرز” کی بڑھتی ہوئی تعداد کی وجہ سے ضروری تھا جو قائم شدہ نیوز آئوٹ لیٹس کے ساتھ وابستگی کا جھوٹا دعویٰ کرتے ہیں۔ پولیس ذرائع کے مطابق ان میں سے کچھ افراد غیر مجاز رسائی حاصل کرنے یا مقامی عہدیداروں پر اثر انداز ہونے کی کوشش کے لیے پریس شناختی کارڈ کا غلط استعمال کرتے ہوئے پائے گئے ہیں۔ بعض صورتوں میں، ایسے افراد کے خلاف متعلقہ قانونی دفعات کے تحت پولیس مقدمات پہلے ہی درج کیے جا چکے ہیں۔محکمہ نے میڈیا کے حقیقی پیشہ ور افراد سے بھی اپیل کی ہے کہ وہ تصدیق کے عمل میں تعاون کریں تاکہ ضلع میں صحافت کی ساکھ کو برقرار رکھا جاسکے۔