عشرت حسین بٹ
منڈی //ڈائریکٹر سکول ایجوکیشن جموں کی ہدایت پر منگل کو بیساکھی تہوار منانے کیلئے تحصیل منڈی کے ماڈل ہائر سیکنڈری سکول ساوجیاں میں ایک میگا کلچرل پروگرام کا انعقاد کیا گیاجس میں ماڈل ہائیر اسیکنڈری سکول ساوجیاں کے طلباء اور اساتذہ نے شرکت کی۔پروگرام کا انعقاد پرنسپل سکول ساوجیاں انور خان کی زیر صدارت کیا گیا۔ مقررین نے بیساکھی تہوار کی اہمیت اور افادیت پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے اس کی ثقافتی اور سماجی مطابقت کے بارے میں بات کی، جلیانوالہ باغ کے واقعے اور 1699 کی بیساکھی کے بارے میں بھی بات کی جہاں گرو گوبند سنگھ جی مہاراج نے خالصہ پنتھ کے قیام کا اعلان کیا تھا۔ اس موقع پر طلباء نے حب الوطنی اور پنجابی گیت پیش کئے اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی اور قومی یکجہتی کی اہمیت کو اجاگر کیا۔ پروگرام میں شرکت کرنے والے طلباء میں ریحان احمد، ثانیہ سجاد ثانیہ بانڈے، ثریا خان، سلمان بھٹ اور راحیل احمد شامل تھے۔اپنے خطاب میں پرنسپل انور خان نے کہا کہ وقت کی ضرورت ہے کہ ہم اپنی سنہری تاریخ کو سمجھیں اور معاشرے اور سماج کی بہتر انداز میں خدمت کیلئے ایک دوسرے کے ساتھ قریبی رابطہ رکھیں۔ انہوں نے طلباء پر زور دیا کہ وہ ان لوگوں کے نقش قدم پر چلیں جنہوں نے ملک کیلئے قربانیاں دیں اور اسے ایک خودمختار ریاست بنایا۔ اس موقعہ پر طلباء میں انعامات تقسیم کئے گئے۔پروگرام میں محمد عارف، سرفراز احمد، رشمی سودن،محمد شفیع، جیوتی جموال اور مختار بانڈے بھی شامل تھے۔