عظمیٰ نیوزسروس
کٹھوعہ//جموں کشمیرولداخ ہائی کورٹ کے جج اورجوئنایل جسٹس کمیٹی کے چیئرپرسن جسٹس تاشی ربستان نے رجنی ربستان اورممبرسیکریٹری جے کے لیگل سروسزاتھارٹی امت کمار کے ہمراہ کٹھوعہ جیل پالس(برائے لڑکوں ) اورپریشا(برائے لڑکیاں)،ون سٹاپ سینٹر،شیلٹر ہوم برائے خواتین اوربزرگوں کیلئے ہوم کادورہ کیااورانہیں وہاں فراہم کی جانی والی سہولیات کاجائزہ لیا۔پرنسپل ڈسٹرکٹ وسیشن جج ،سپرانٹنڈنٹ ضلع جیل کٹھوعہ اوردیگرحکام اس موقعہ پر موجودتھے۔اس موقعہ پر جسٹس تاشی کو گارڈ آف آنر پیش کیاگیا۔انہوں نے ضلع جیل میں دستیاب سہولیات کامعائنہ کیا۔جسٹس تاشی نے خواتین کی بیرک کابھی معائنہ کیااوروہاں قید خواتین سے تبادلہ خیال کیا۔انہوں نے ان کی خیروعافیت دریافت کی۔جسٹس تاشی نے پرنسپل ڈسٹرکٹ جج اورایڈیشنل ڈسٹرکٹ جج سانبہ سے بھی ویڈیوکانفرنسنگ سے بات کی۔مابعد جسٹس تاشی نے پالش (لڑکوں کیلئے گھر)اورپریشا(گھربرائے لڑکیاں)کابھی کٹھوعہ میں معائنہ کیاجہاں انہیں ضلع سوشل ویلفیئرافسر نے وہاں دستیاب سہولیات کی انہیں جانکاری دی۔جسٹس تاشی نے وہاں بچوں کے ساتھ بات چیت کی اوروہاں دستیاب سہولیات پراطمینان کااظہار کیا۔انہوں نے محکمہ سماجی بہبود کی ان کوششوں کو بھی سراہاجو وہ وہاں مکینوں کی بودوباش کو بہتر بنانے کیلئے کررہا ہیں۔