عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//ناظم زراعت کشمیر چودھری محمد اقبال نے کل پانپور اور ملحقہ علاقوں کا دورہ کیا اور وہاں کی زرعی سرگرمیوں کا جائزہ لیا۔ انہوں نے خصوصی طور پر معذور سبزی کاشت کار کے نیم ہائی ٹیک پولی ہاؤسز کا بھی دورہ کیا۔ناظم زراعت نے کسانوں سے بات کرتے ہوئے چھوٹے اور پسماندہ کسانوں کی ترقی کے لئے محکمہ کے اقدامات پر روشنی ڈالی۔ اُنہوں نے کہا کہ جامع زرعی ترقیاتی پلان( ایچ اے ڈی پی )کے تحت سبزیوں کی کاشت کی عمودی توسیع کے فروغ کے لئے ایک منصوبے پر عمل درآمد کیا جارہا ہے۔انہوں نے افسران پر زور دیا کہ وہ ایچ اے ڈی پی پروجیکٹ (سبزیوں اور غیر ملکی سبزیوں کی ترویج) کے تحت ہدف والے علاقوں کا احاطہ کریں تاکہ اس کے فوائد کسانوں تک پہنچ سکیں۔ اُنہوں نے ان سے کہا کہ کٹائی سے پہلے اور بعد کی تمام سرگرمیوں کے دوران کسانوں کی رہنمائی کریں۔ناظم زراعت کے ہمراہ ڈسٹرکٹ ایگریکلچر آفیسر پلوامہ اور دیگر افسران بھی تھے۔