یواین آئی
کیف// جرمن وزیر خارجہ اینالینا بیرباک منگل کی صبح یہاں پہنچیں اور روسی فضائی حملوں کے بعد یوکرین کے لیے مزید بین الاقوامی حمایت کی اپیل کی۔فروری 2022 میں روس اور یوکرین کے درمیان جنگ شروع ہونے کے بعد سے محترمہ بیئرباک کا یوکرین کا یہ ساتواں دورہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ یوکرین کو روسی میزائل اور ڈرون حملوں سے بچانے کے لیے فوری طور پر مزید فضائی دفاع کی ضرورت ہے۔اس سے قبل سکیورٹی وجوہات کی بنا پر ان کے دورے کا اعلان نہیں کیا گیا تھا۔انہوں نے کہا کہ یوکرین کے اتحادیوں کو روسی صدر ولادیمیر پوتن کو ہماری سرحدوں سے فوج ہٹانے پر مجبور کرنے کے لیے اتحادی افواج میں شامل ہونا چاہیے۔ یوکرین کے فضائی دفاع کے مقاصد سے جرمنی کی زیر قیادت پہل میں تقریباً ایک ارب ڈالر جمع ہوئے ہیں۔ ہم اس بات کو یقینی بنانے کے لئے سخت محنت کر رہے ہیں کہ اس میں مزید اضافہ ہو۔دریں اثناء محترمہ بیئرباک کو روسی حملوں کے پیش نظر آج کا خارکیف کا منصوبہ بند دورہ منسوخ کرنا پڑا۔ انہوں نے جنوری 2023 میں خارکیف کا دورہ کیا تھا۔جرمن وزیر کے دورے سے کچھ دیر پہلے، یوکرین کے صدر ولادیمیر زیلنسکی نے پھر سے یوکرین کو فضائی دفاعی نظام اور مغربی جنگی طیاروں کے حصول کی فوری ضرورت پر زور دیا۔