کریانی تالاب میں ٹیوب ویل کی بحالی کے عمل کا بھی معائینہ کیا
جموں//جل شکتی ، جنگلات و ماحولیات اور قبائلی امور کے وزیر جاوید احمد رانا نے بٹھنڈی میں کئی مقامات کا دورہ کیا تا کہ مقامی لوگوں کی ترقیاتی ضروریات کا جائیزہ لیا جا سکے ۔ ان کے ہمراہ ایم ایل اے وکرم رندھاوا اور جل شکتی ، جنگلات و ماحولیات محکموں کے افسران بھی تھے ۔ علاقے کے دورے کے دوران جاوید رانا نے مقامی لوگوں سے بات چیت کی اور ان کے مسائل سُنے ۔ مقامی لوگوں سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عمر عبداللہ کی قیادت والی حکومت کی واحد ترجیح ترقی اور فلاح و بہبود ہے ۔ انہوں نے اپنے خطاب میں کہا کہ عوام کا مفاد ہماری حکومت کا نصب العین ہے اور ہم لوگوں کی فلاح و بہبود کے پابند ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ان کے دورے کا مقصد علاقے کی زمینی ترقی کا جائزہ لینا تھا تا کہ اس کے مطابق منصوبہ بندی کی جائے ۔ مقامی لوگوں نے مختلف عوامی سہولیات سے متعلق کئی مسائل اٹھائے ۔ انہوں نے شکایت کی کہ انہیں پانی کی باقاعدگی سے فراہمی نہیں ہو رہی جس کی وجہ سے انہیں پریشانی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ۔ مکینوں نے اپنے علاقے میں سڑکوں کی اپ گریڈیشن ، صفائی کی سہولیات میں بہتری کا بھی مطالبہ کیا ۔ مقامی لوگوں کی شکایات سُنتے ہوئے انہوں نے متعلقہ افسران کو پانی کی فراہمی ، سڑکوں کی بہتری ، دیہی انفراسٹرکچر اور دیگر اہم عوامی مسائل سے متعلق مسائل کو حل کرنے کی ہدایت دی ۔ انہوں نے جل شکتی محکمہ کے افسران کو ضروری ہدایات دیں کہ وہ مقامی لوگوں کے پانی کے مسائل کو حل کرنے کیلئے فوری اقدامات کریں ۔ انہوں نے کہا کہ محکموں کی توجہ عوامی سہولیات کی اپ گریڈیشن پر ہونی چاہئیے اور یقین دلایا کہ آنے والے وقتوں میں مجموعی ترقیاتی منظر نامے میں نمایاں بہتری آئے گی ۔ جاوید رانا نے کریانی تالاب میں ٹیوب ویل کی بحالی کے عمل کا بھی معائینہ کیا جو ایک دہائی سے زائد عرصے کے بعد بحال کیا گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کنویں کی صفائی اور ملبہ ہٹانے میں مناسب طریقہ کار پر عمل کیا جائے ۔