عظمیٰ نیوز سروس
راجوری//وزیر برائے جل شکتی، جنگلات و ماحولیات اور قبائلی امور جاوید احمد رانا نے راجوری میں ایک جامع جائزہ میٹنگ کی صدارت کی تاکہ ضلع میں جاری ترقیاتی کاموں اور واٹر سپلائی سکیموں کی صورتحال کا جائزہ لیا جا سکے۔ دورانِ میٹنگ وزیرموصوف نے جل جیون مشن (جے جے ایم)، کیپکس بجٹ اور نبارڈ فنڈنگ کے تحت عمل میں لائی جا رہی واٹر سپلائی سکیموں میں تیزی لانے پر خصوصی زور دیا۔اُنہوں نے ضلع کی متعلقہ حکام کو ہدایت دی کہ ان منصوبوں کو بروقت مکمل کیا جائے تاکہ ہر گھر کو ’’ہر گھر جل‘‘ اقدام کے تحت فعال نل کنکشن فراہم کئے جا سکیں۔وزیر جاوید رانانے تمام ترقیاتی کاموں کی رفتارکو تیز کرنے کی اہمیت پر زور دیا تاکہ اخراجات کی افادیت میں بہتری لائی جا سکے اور فنڈز کی کمی کو روکا جا سکے۔اُنہوں نے اَفسران پر زور دیا کہ وہ مقررہ وقت میں زمینی سطح پر ٹھوس پیش رفت کو یقینی بنانے کے لئے فعال اور مربوط حکمت عملی اَپنائیں۔وزیر موصوف نے غیر قانونی ملبہ پھینکنے کے خلاف سخت کارروائی کی ہدایات جاری کیں اور اس بات پر زور دیا کہ تمام پتھر توڑنے والی مشینیں مقررہ ماحولیاتی معیار اور پیرامیٹروںکے مطابق ہی کام کریں۔اُنہوں نے عمر عبداللہ حکومت کے دیر پاترقی کو یقینی بنانے کے عزم کا اعادہ کیا جو ماحولیاتی تحفظات سے ہم آہنگ ہو۔جائزہ میٹنگ میںضلع ترقیاتی کمشنر راجوری ابھیشیک شرما؛ چیف اِنجینئر جل شکتی حنیف چودھری، اے ڈِی ڈِی سی، ایس اِی پی ڈبلیو ڈی، جل شکتی اور پی ڈبلیو ڈی کے ایگزیکٹیو اِنجینئروں، اے سی ڈِی، اے سی پی، کنزرویٹر آف فارسٹ اور ڈویژنل آفیسر پولیوشن کنٹرول بورڈ سمیت دیگر سینئر اَفسران نے شرکت کی۔وزیر جاوید رانانے ضلع اِنتظامیہ اور فیلڈ محکموں کی جانب سے فلیگ شپ اقدامات کی عمل آوری میں کی جانے والی کاوشوں کو سراہا اور اُن پر زور دیا کہ وہ مستقل رفتار برقرار رکھیں تاکہ بروقت اور معیاری نتائج یقینی بنائے جا سکیں جو براہ راست راجوری کے لوگوںکو فائدہ پہنچائیں۔