رمیش کیسر
نوشہرہ //نوشہرہ سب ڈویژں کے جاوا بیری پتن علاقہ میں محکمہ صحت کی جانب سے زیر تعمیر سب سنٹر گزشتہ 4برسوں سے مکمل ہی نہیں کیا جاسکا جس کی وجہ سے علاقہ کے 4دیہات کی 3ہزار سے زائد کی آبادی متاثر ہورہی ہے ۔مکینوںنے بتایا کہ علاقہ کی مشکلات کو دیکھتے ہوئے انتظامیہ نے ایک سب سنٹرکی تعمیر کا عمل شروع کیا تھا لیکن اس کی تعمیر کا عمل شروع کرنے کے کئی برسوں بعد بھی اس کو مکمل ہی نہیں کیا گیا جس کی وجہ سے ان کو صحت کی ضروریات پوری کرنے کیلئے کئی کلو میٹر کی مسافت طے کر کے سب ڈسٹر کٹ ہسپتال نوشہرہ ،گور نمنٹ میڈیکل کالج راجوری اور گور نمنٹ میڈیکل کالج جموں جانا پڑتا ہے ۔غور طلب ہے کہ سرحدی علاقوں کی عوام کو بنیادی سہولیات فراہم کرنے کیلئے جموں وکشمیر انتظامیہ نے مذکورہ قدم اٹھایا تھا لیکن تعمیر اتی ایجنسی و متعلقہ حکام کی لاپرواہی کی وجہ سے اس کو مکمل نہیں کیا گیا ہے ۔مقامی معززین نے بتایا کہ فائونڈیشن ڈالنے کے بعد تعمیر اتی عمل بغیر کسی وجہ کے روک دیا گیا ہے ۔انہوں نے بتایا کہ 4 سال سے زائد کا عرصہ گزر گیا لیکن محکمہ صحت کے اعلیٰ حکام کی جانب سے اس کی دوبارہ تعمیر کے لئے کوئی مناسب قدم نہیں اٹھایا گیا جس کی وجہ سے دیہی علاقوں میں رہنے والے مقامی لوگ محکمہ صحت کے تئیں ناراضگی کا اظہار کررہے ہیں ۔مقامی لوگوں و پنچایتی اراکین نے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ زیر التوا تعمیرات کو جلدازجلد مکمل کیا جائے تاکہ ان کی دقتیں کم ہو سکیں ۔