یو این آئی
سری نگر//ایس ایس پی سری نگر راکیش بلوال نے جمعے کو تاریخی جامع مسجد کے اردگرد علاقوں میں سیکورٹی فورسز کی تعیناتی کا جائزہ لیا۔میر واعظ مولوی عمر فاروق کی جامع مسجد آمد سے قبل ایس ایس پی سری نگر راکیش بلوال نے سینئر پولیس عہدیداروں کے ہمراہ تاریخی جامع مسجد کے اردگرد علاقوں میں سیکورٹی فورسز کی تعیناتی کا از خود جائزہ لیا۔راکیش بلوال، ایس پی نارتھ اور دیگر سینئر پولیس آفیسران کے ہمراہ تاریخی جامع مسجد پہنچے اور وہاں پر سیکورٹی فورسز کی تعیناتی کا بچشم جائزہ لیا۔معلوم ہوا ہے کہ ایس ایس پی نے سیکورٹی فورسز کو مستعد رہنے کے احکامات صادر کئے ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ تاریخی جامع مسجد کے ارد گرد علاقوں پر ڈرون کیمروں کے ذریعے نظر گزر رکھی جارہی ہیں تاکہ امن دشمن عناصر کے منصوبوں کو ناکام بنایا جاسکے۔خواجہ بازار سے لے کر حول تک سیکورٹی فورسزکو چپے چپے پر تعینات کیا گیا جبکہ جامع مسجد کی اور جانے والی سڑکوں پر اضافی نفری بٹھا دی گئی ہے۔ذرائع کے مطابق تاریخی جامع مسجد کے مین گیٹ پر سیکورٹی فورسز کو تعینات کیا گیا ہے جو مشکوک نظر آنے والے افراد کے شناختی کارڈ باریک بینی سے چیک کر رہے ہیں۔واضح رہے کہ انتظامیہ نے آج میر واعظ مولوی عمر فاروق کو چار سال کے بعد جامع مسجد میں واعظ تبلیغ کی اجازت دی جس کے پیش نظر پائین شہر میں سیکورٹی کے غیر معمولی انتظامات کئے گئے ہیں۔یو این آئی