عظمیٰ یاسمین
تھنہ منڈی // سب ڈویژن تھنہ منڈی کے آملی مٹی علاقے میں واقع جامع مسجد ملتان شاہ میں مدرسہ کی انتظامیہ کمیٹی کے زیر اہتمام ایک عظیم الشان مجلس ختمِ قرآن کریم کا انعقاد کیا گیا جس میں مسجد و مدرسہ کی انتظامیہ کمیٹی کے علاوہ قرب و جوار میں رہنے والے لوگوں اور طلبہ نے شرکت کی۔اس موقع پر مدرسہ کے ناظم و مہتمم حافظ محمد عرفان رضا قادری نے اس بات پر زور دیا کہ ہم نبی ؐ کی محبت و اطاعت کو زندگی کا مشن بنائیں ، بڑوں کے احترام واکرام کے ساتھ ان کی رائے کی قدر کریں ، والدین کی فرمانبرداری کو فرض سمجھیں اور لایعنی و فضول چیزوں سے اپنے کو ہمیشہ بچائیں چونکہ صحت و دولت اور وقت و فرصت اللہ کی عطاکردہ قیمتی نعمتیں ہیں ان کے بارے میں ہم سے قیامت میں سوال ہوگا لہذا نشے کی لعنت سے نوجوان خود کو بچائیں اور اپنے مال و جان کی حفاظت کریں یہ نشہ آپ کی جوانی کو بھی برباد کردیگا اور دنیا و آخرت کو بھی۔ انھوں نے مزید کہا کہ ان بری عادات و خصلتوں سے دور رہنے کی اشد ضرورت ہے اور یہ تب ممکن ہے جب ہمارے بچوں کو قرآن کریم کی تعلیم دی جائے گی۔ اس موقع پر جامع مسجد کے زیر اہتمام چلنے والے مدرسہ ملتانیہ اسلامیہ آملی مٹی پلانگڑھ سے فارغ ہونے والے ایک ہونہار طالب علم حافظ محمد مہتاب ملک جو سرنکوٹ سے تعلق رکھتے ہیں، نے قرآن کریم کا آخری سبق سنا کر مکمل قرآن کریم اپنے سینے میں محفوظ کر لیا۔ آخر میں پورے جموں و کشمیر میں بحالی امن اور آپسی بھائی چارہ کے لیے رقت آمیز دعا پر اس خصوصی مجلس کا اختتام ہوا۔