حسین محتشم
پونچھ//جامعہ ضیاء العلوم کے بانی مولانا غلام قادر کے جواں سال صاحبزادے مولانا عبدالرشید بانڈے (عرف شبو بھائی) 9دسمبر 2024 بروز پیر میڈیکل انسٹیٹیوٹ صورہ میں انتقال کر گئے۔بتا دیں کہ مرحوم میڈیکل چیک اپ کے لئے سری نگر گئے ہوئے تھے واپسی پر بانہال میں ان کو دل کا دورہ پڑا انھیں مقامی ہسپتال پہنچایا گیا جہاں ڈاکٹروں نے انھیں بہتر علاج کیلئے گورنمنٹ میڈیکل انسٹیٹیوٹ صورہ منتقل کیا جہاں علاج کے دوران وہ انتقال کر گئے۔۔مرحوم اپنے پیچھے دو بیٹیاں، ایک بیٹا اہلیہ اور والدین بھائیوں اور بہنو کو سوگوار چھوڑ گئے ہیں ۔مرحوم کی نماز جنازہ منگلوار کو دن کے گیاراں بجے ضیاء العلوم ہائی سکول کامسر میں ادا کی جائے گی۔مرحوم کے انتقال پر جموں و کشمیر کی سیاسی سماجی ادبی شخصیات نے اظہار افسوس کیا ہے۔انجمن اردو صحافت جموں و کشمیر کے صدر ریاض ملک اور نائب صدر عشرت حسین بٹ نے مرحوم کے والد اور برادران سے اظہار و تعزیت کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ دعاگو ہیں کہ اللہ مرحوم کو جنت الفردوس میں اعلی مقام عنایت فرمائے۔جامعہ امام محمد انورشاہ کشمیری علیہ الرحمہ،جامعہ عائشہ صدیقہ رضی اللہ عنہا للبنات اور حضرت علامہ انور شاہ کشمیری اسلامک انٹرنیشنل اکیڈمی شہر پونچھ کے چیئرمین شہزاد انوری نے اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا ہے کہ مرحوم انتہائی صالح مزاج، سماجی فکر اور کم گو صفات سے متصف تھے ،جامعہ کے انتظامی امور ، تعمیرات اورسالانہ پروگراموں میں مرحوم ایک فعال نگراں کی طرح اپنے بھائیوں کے درمیان معاون کی صورت میں نظر آتے تھے۔انہوں نے کہا تجارتی دنیا میں آپ حبیب بک ڈپو کے مالک تھے جبکہ جمعہ کے موقع پر جامع مسجد بگیالاں میں صفوں کی درستگی اور نمازیوں کو فکرمندی کے ساتھ آگے کی صفوں میں بٹھانے کے لئے معمول کے مطابق خدمت انجام دیتے تھے۔ انہوں نے کہاکہ ماہ ستمبر کے اوائل میں راقم کی دادی کے انتقال پرمرحوم اشکبار آنکھوں کے ساتھ والد محترم اور سب کو ڈھارس بندھاتے رہے۔انہوں نے کہا بیرونی سفر میں ہونے کی وجہ سے یہ قلق ہمیشہ رہے گا کہ مرحوم کی آخری رسومات میں شرکت نہ کرپاؤں گا۔انہوں نے کہا ان کے ادارہ کے جمیع اساتذ کرام ومعلمات وملازمین اور طلبہ وطالبات دکھ کی اس گھڑی میں مولانا غلام قادر ،مولانا سعید احمد حبیب مدظلہ نائب مہتمم جامعہ ضیاء العلوم ،ماسٹر وحید احمد بانڈے پرنسپل جامعہ ضیاء العلوم شعب علوم عصریہ، خلیل احمد بانڈے بلاک ڈیولپمنٹ آفیسر درہال راجوری اور قاری جمیل احمد ضیائی استاذ جامعہ ضیاء العلوم اور پورے کنبے کے ساتھ اظہار تعزیت کرتے ہیں اور ان کے دکھ میں برابر کے شریک ہیں اور دعا گو ہیں کہ اللہ پاک مرحوم کی بال بال مغفرت فرمائے اور آپ کو یہ صدمہ برداشت کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔محمدفرید ملک چیئر مین پیر پنجال عوامی ڈیو لپمنٹ فورم جموں و کشمیر نے کہا کہ مرحوم ایک ایسے شخص تھے جو ہر صفت سے بھرپور تھے۔ انہوں نے کہا کہ مرحوم نے خود کو انسان اور انسانیت کی خاطر وقف کر رکھا تھا، ہمشہ غریبوں مسکینوں کا ہاتھ بٹاتے تھے بطور خاص ضلع ہسپتال پونچھ میں مریضوں کی عیادت دیکھ بھال ان کی مدد کرنا ان کا حال معلوم کرنا مرحوم کا روز کا کام تھا۔معززین نے مرحوم کیلئے دعائے مغفرت بھی کی ہے ۔
نوجوانانِ اہلِ سنت والجماعت اور دارالعلوم محمودیہ مینڈھر کا اظہارتعزیت
جاوید اقبال
مینڈھر// محسن قوم و ملت، نمونہ اسلاف، اور اکابرین اہلِ سنت کے جانشین مولانا غلام قادر بانڈے کے چھوٹے بیٹے رشید احمد بانڈے کے انتقال کے موقع پر تنظیم علمائے اہلِ سنت والجماعت ضلع پونچھ کے سینئر نائب صدر اور نوجوانان اہلِ سنت والجماعت کے صدر، مولانا فتح محمد ناظم اعلیٰ دارالعلوم محمودیہ مینڈھر نے اپنے تعزیتی پیغام میں کہاکہ ’’بیٹے کا انتقال والدین کے لئے سب سے بڑی آزمائشوں میں سے ایک ہے، لیکن بند مومن اس آزمائش میں بھی صبر اور رضا بالقضا کا دامن نہیں چھوڑتا۔ اللہ تعالیٰ نے صبر کرنے والوں کے لئے جنت اور اجر عظیم کا وعدہ کیا ہے‘‘۔انہوں نے مزید کہا کہ رشید احمد بانڈے نہایت شریف الطبع، عبادت گزار، اور بلند اخلاق کے حامل شخصیت تھے۔ ان کی وفات پورے علاقے کے لئے ایک ناقابل تلافی نقصان ہے۔مولانا نے مزید کہا کہ رشید احمد بانڈے کی وفات پر تنظیم علمائے اہلِ سنت والجماعت ضلع پونچھ، نوجوانان اہلِ سنت والجماعت پونچھ، اور دارالعلوم محمودیہ مینڈھر کے تمام اساتذہ، طلبہ، اور اراکین اہل خانہ کے ساتھ برابر کے شریک ہیں۔دارالعلوم محمودیہ مینڈھر میں مرحوم کیلئے ایصالِ ثواب اور دعائے مغفرت کا اہتمام کیا گیا۔