شوپیان//امام صاحب شوپیان میں جامعہ سراج العلوم کے سالانہ یوم تاسیس پر ادارہ کے احاطہ میں ایک کانفرنس کا انعقاد کیا گیا۔پروگرام میں عوام کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ چیئرمین جامعہ مولانا شہزادہ اورنگ زیب ندوی نے اس موقعہ پر’ تعلیم وتربیت ‘کے موضوع پر جبکہ معاون قیم جماعت اسلامی جموں و کشمیر فہیم محمد رمضان نے’ دور حاضر کا تعلیمی نظام اور اُمت مسلمہ‘ کے موضوع پر خطاب کیا۔ صدارتی خطاب کی ذمہ داری سابق امیر جماعت اسلامی اور مہتمم ادارہ جات محمد عبد اللہ وانی نے انجام دیا۔ پروگرام کے دوران جامعہ سے مکمل قرآن پاک حفظ کرنے والے 9 طلاب کی دستار بندی کی گئی جس کا فریضہ پیر سجاد احمد صوفی نے انجام دیا۔ان 9حفاظ میں سے چار نے ایک ہی مجلس میں پورا قرآن کریم سنانے کی سعادت حاصل کی۔ اس دوران سابق امیر جماعت اسلامی اور معروف عالم مرحوم حکیم غلام نبی کی تصنیف’صراط مستقیم‘ اورعبدالقادر احمد عطا کی ’الوصایا ‘نامی کتابوں کی رسم رونمائی انجام دی گئی،جس کا ترجمہ جامعہ کے مہتمم مجاہد شبیر احمد فلاحی نے انجام دیا ہے۔