جموں//تائیکنڈو فیڈریشن آف انڈیا اور انڈین اولمپک ایسو سی ایشن کی سرپرستی میں جموں اینڈ کشمیر تائیکنڈو ایسو سی ایشن کی جانب سے منعقدہ تین روزہ فیڈریشن کپ تائیکنڈو چمپئن شپ 2018ء آج اِختتام پذیر ہوئی۔سیکرٹری یوتھ سروسز اینڈ سپورٹس سرمد حفیظ نے میڈل جیتنے والوں کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے یہ ایونٹ منعقد کرنے پر ایسو سی ایشن کی سراہنا کی۔اُنہوں نے انٹر نیشنل دلی پبلک سکول سنجوان کا بھی شکریہ ادا کیا۔اس موقعہ پر مشن ڈائریکٹر رورل ڈیولپمنٹ عبدالرشید وار مہمان ذِی وقار کی حیثیت سے موجود تھے۔سیکرٹری موصوف نے کہا کہ یہ ایونٹ ملک بھر کے کھلاڑیوں کو مختلف قومی اور بین الاقوامی چمپئن شپوں بشمول ایشین چمپئن شپ ، G1-G2 اُولمپک رینکنگ چمپئن شپ کی خاطر تیار کرنے کے لئے منعقد کیا گیا۔اُنہوں نے کہا کہ جموں وکشمیر میں اپنی نوعیت کا یہ پہلا ایونٹ منعقد کیا گیا جس میں ملک کی 12معروف ٹیموں نے حصہ لیا۔سرمد حفیظ نے مزید کہا کہ اس چمپئن شپ میں حصہ لینے والی ٹیموں کا انتخاب جبل پور مدھیہ پردیش میں عمل میں لایاگیا۔کھلاڑیوں کے علاوہ ایونٹ میں ملکی سطح کی کئی دیگر مہمانوں نے بھی حصہ لیا۔سرمد حفیظ نے منتظمین پر زور دیا کہ وہ اس قسم کے زیادہ سے زیادہ پروگراموں کا اِنعقاد کریں تاکہ اور بھی کھلاڑی ان میں حصہ لے سکیں۔اُنہوں نے بیرون ریاست کے کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی بھی کی۔کھلاڑیوں نے پی ایس ایس نظام کے تحت میچ کھیلیں جس میں الیکٹرانک سسٹم کے ذریعے پوائنٹ دئیے گئے۔چمپئن شپ کے دوسرے دِن جے اینڈ کے تائیکنڈو ایسو سی ایشن کی جانب سے تقسیم اِنعامات کی تقریب منعقد ہوئی۔اس موقعہ پر کوریا کے ماسٹر لی وان یانگ کی سربراہی والی ایک ٹیم نے کھیل کا ڈیمانسٹریشن بھی پیش کیا۔