سرینگر//پلوامہ کے مضافات میں ایک تیندوے اور اس کے دو بچوں نے ایک اسکول ٹیچر کو چیر پھاڑ کر بری طرح سے زخمی کردیا۔پلوامہ سے نمائندے نے اطلاع دی ہے کہ بدھ کی صبح محمد یوسف میر ساکن رہمو پلوامہ نامی سرکاری استاد گھر سے ڈیوٹی پر جارہا تھا جس دوران جنگلی جانوروں نے اس پر حملہ کردیا۔مذکورہ ٹیچر گورنمنٹ ہائی اسکول تُجن پلوامہ میں تعینات ہے اور جب وہ تلہ کھن ناڑ علاقے میں بلوار ڈار نامی میوہ باغات میں پہنچا تو اچانک اس کے سامنے ایک جسیم تیندوا اور اس کے دو بچے نمودار ہوئے۔محمد یوسف کو دیکھتے ہی تیندوا اور اس کے بچے اُس پر جھپٹ پڑے اور اسے شدید زخمی کردیا۔حملے میں اسکول ٹیچر کی ٹانگ اور کندھے میں شدید زخم لگے جہاں سے اس کا گوشت نوچ ڈالا گیا۔اسے خون میں لت پت حالت میں علاج و معالجہ کیلئے ضلع اسپتال پلوامہ میں داخل کرایا گیا ۔واقعہ کی اطلاع ملنے کے بعد محکمہ وائلڈ لائف کی ایک ٹیم علاقے میں نمودار ہوئی اور تیندوے اور اسکے بچوں کو پکڑنے کی کارروائی شروع کی۔علاقہ میں مزید جنگلی جانوروں کی موجودگی اورتازہ واقعہ کے پیش نظر خوف و دہشت کا ماحول ہے۔