سرینگر/ جموں وکشمیر میں سرگرم تیل مارکیٹنگ کمپنیوں کو سی ایس آر کو گل لالہ باغ کے بنیادی ڈھانچے کو مزید مستحکم کرنے کے لئے کہا گیاہے۔ پی آئی بی کے ایک بیان کے مطابق یہ فیصلہ پیٹرولیم اور قدرتی گیس کے مرکزی وزیر مملکت درمیندر پردھان نے جموں وکشمیر کی وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی کے ساتھ ریاست میں پیٹرولیم شعبہ میں مختلف معاملات پر تبادلہ خیال کرنے کے بعد منظور کیا گیا۔ میٹنگ کے دوران یہ فیصلہ لیا گیا کہ تمام پی ایس یو تیل کمپنیوں کو اپنے سی ایس آر فنڈ میں سے ایک کروڑ روپیہ سرینگر میں گل لالہ باغ کے بنیادی ڈھانچے کو فروغ دینے کیلئے خرچ کرنے کی ہدایت دی گئی۔ اس موقع پر بتایا گیا کہ او ایم سیز کی جانب سے اننت ناگ، راجوری اور کرگل میں تیل کے ڈیپوؤں اور ایل پی جی بوٹلنگ پلانٹوں کے لئے زمین کی نشاندہی کی گئی ہے۔ ریاستی حکومت تیل ڈیپو کو جموں منتقل کرنے کیلئے او ایم سیز کو ترجیحی بنیادوں پر مناسب زمین فراہم کرے گی۔ تیل کمپنیوں کو مشورہ دیا گیا کہ وہ جموںوکشمیر کے معروف انجینئرنگ کالجوں سے اُمیدواروں کی بھرتی عمل میں لائیں۔