یو این آئی
اوول //پاتھم نسانکا کی سنچری(ناٹ آٹ 127) اور ان کی اینجل میتھیو (33 ناٹ آٹ)کے ساتھ تیسرے وکٹ کے لیے 111 رن کی ناٹ آوٹ شراکت کی بنیاد پر سری لنکا نے تیسرے میچ کے چوتھے دن پیر کو انگلینڈ کو آٹھ وکٹ سے شکست دے دی ۔سری لنکا کو جیت کے لیے 219 رن کا ہدف ملا تھا۔ سری لنکا نے کل کے کھیل ایک وکٹ پر 94 رن سے شروعات کی، 20ویں اوور میں گس اٹکنسن نے مینڈس (39) کو آئوٹ کرکے پویلین بھیج دیا۔ اس کے بعد پتھم نسانکا اور اینجل میتھیوز نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے سری لنکا کو آٹھ وکٹوں سے فتح دلائی۔انگلینڈ کی جانب سے گس اٹکنسن اور کرس ووکس نے ایک ایک بلے باز کو آٹ کیا۔اس سے قبل سری لنکائی گیندباز لہیرو کمارا اور وشوا فرنینڈو نے شاندار بالنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے انگلینڈ کی دوسری اننگز کو 156 کے اسکور پر سمیٹ دیا۔ انگلینڈ کے سات بلے باز ڈبل فیگر میں بھی نہ پہنچ سکے۔سری لنکا نے اپنی پہلی اننگز میں کپتان دھننجے ڈی سلوا (69)، پاتھم نسانکا (64) اور کامندو مینڈس (64) کی شاندار اننگز کی بدولت 263 رن بنائے تھے۔ انگلینڈ نے اولی پوپ (154) اور بین ڈکٹ (86) کی اننگز کی مدد سے 325 رنزبنائے تھے۔ انگلینڈ کو پہلی اننگز کی بنیاد پر 62 رن کی برتری حاصل تھی لیکن دوسری اننگز میں وہ اس میں زیادہ اضافہ نہ کر سکی۔ جس کا خمیازہ اسے ٹیسٹ میچ میں شکست کے ساتھ بھگتنا پڑا۔ تاہم اس شکست کے باوجود انگلینڈ نے سیریز 2-1 سے جیت لی ہے۔