یواین آئی
گنگٹوک// سکم کا شمالی علاقہ مسلسل بارشوں کی وجہ سے سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ کی زد میں آ گیا ہے۔ بارش سے متعلقہ واقعات میں اب تک چھ افراد ہلاک ہوچکے ہیں اور متعدد لاپتہ ہیں۔جمعرات کی صبح سے رات گئے تک جاری رہنے والی بارش نے بڑی تباہی مچائی ہے۔ سڑک ٹوٹنے سے کئی سیاح پھنس گئے ہیں۔ تیستا ندی میں پانی کی سطح بڑھنے سے قریبی مکانات تاش کے پتوں کی طرح گر گئے۔سکم کے وزیر اعلیٰ پریم سنگھ تمانگ نے ضلع انتظامیہ کو فوری طور پر تمام راحت اور بچاؤ کے انتظامات کرنے کی ہدایت دی ہے۔ پولس کے مطابق امبیتھانگ (رنگرنگ) سے تین افراد لاپتہ ہو گئے ہیں۔ پکشیپ (منگن کے قریب) سے دو افراد لاپتہ ہو گئے، ایک لاش نکال لی گئی۔ اسی طرح گیتھناگ (جنگو) میں تین مکانات کو نقصان پہنچا ہے۔ نامپاتھنگ (پینٹوک، منگن) میں کئی مکانات کو نقصان پہنچا اور سڑک منقطع ہوگئی۔ سنکالنگ میں پل کی بنیاد کو نقصان پہنچا ہے۔ شمالی علاقے میں موبائل نیٹ ورک کام نہیں کر رہا ہے۔ انتظامیہ نے ریاستی ڈیزاسٹر رسپانس فورس (SDRF) کو موقع پر بھیجنے کی درخواست کی ہے۔ذرائع سے موصولہ اطلاع کے مطابق سکم اور بنگال کے پہاڑی اضلاع بارش کی وجہ سے زیر آب آ گئے۔ کالمپونگ تیستا مارکیٹ سیلاب میں ڈوب گیا ہے۔