متاثرین 10روز بعد بھی سرکاراور سیاسی جماعتوں کی مدد کے منتظر
محمد تسکین
بانہال// گزشتہ ہفتے تیز ہواؤں اور شدید برفباری کے باعث بانہال کی گوجر بستی جبڑی نوکوٹ میں کئی رہائشی مکانات کو نقصان پہنچا ہے جبکہ چھتوں کے اکھڑنے اور ٹوٹنے کے سبب دو مکانات مکمل طور پر ناقابلِ استعمال ہو گئے اور متاثرہ گھروں کے مکین بے یارو مددگار ہو کر رہ گئے ہیں۔برفباری کے باعث جبڑی ، ڈولیگام اپر کے علاقوں میں تاحال بجلی بحال نہیں ہو سکی، جس کے سبب عوام کو ناقابلِ بیان مشکلات کا سامنا ہے۔مقامی لوگوں نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ 26جنوری کو تیز ہواؤں اور بعد ازاں برفباری کے نتیجے میں دو رہائشی مکانات کی چھتیں گر گئیں جس سے مکانات کو شدید نقصان پہنچا۔ یہ مکانات نظیر احمد کوہلی اور شکیل احمد گوجر کے بتائے جاتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ متاثرہ شخص نظیر احمد کوہلی کی سات بیٹیاں ہیں اور مکان تباہ ہونے کے بعد یہ خاندان مکمل طور پر بے سہارا ہو چکا ہے۔مقامی افراد نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ گوجر بستی جبڑی نوکوٹ کو آج تک سڑک رابطے سے نہیں جوڑا گیا اور گزشتہ تقریباً تیس برسوں سے سیاستدانوں کے وعدے وفا نہیں ہو سکے۔ انہوں نے کہا کہ مکانات کو پہنچے نقصان کے باوجود ابھی تک کوئی سرکاری یا سیاسی نمائندہ متاثرین تک نہیں پہنچا اور نہ ہی کسی قسم کی امداد فراہم کی گئی ہے۔