اسلام آباد // پاکستان نے کہا ہے کہ بھارتی فوج کی جانب سے رواں ماہ لائن آف کنٹرول (ایل او سی) پر چوتھی مرتبہ بلا اشتعال فائرنگ سے19 سالہ نوجوان جابحق ہوگیا۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق بھارتی فوجیوں نے کنٹرول لائن کے قریب تیتری علاقے میں فائرنگ کرکے انضمام امین کو جاںبحق کردیا۔آئی ایس پی آر نے بتایا کہ انصمام امین تیتری میں دریائے پونچھ کے کنارے کرش پلانٹ پر کام کررہا تھا۔ادھر 6 غیر ملکی دفاعی اتاشیوں نے ایل او سی راولا کوٹ کا دورہ کیا جہاں پاک فوج نے انہیں بھارتی فوج کی آبادی کو نشانہ بنانے کے پہلوؤں پر مکمل بریفنگ دی۔تاشیوں کا تعلق امریکا، برطانیہ، فرانس، چین، ترکی اور انڈونیشیا سے تھا۔آئی ایس پی آر کے مطابق غیر ملکی اتاشیوں کو بھارتی فوج کی شلنگ پر بریفنگ دی گئی اور ان کی متاثرین سے ملاقاتیں بھی کرائی گئیں۔اتاشیوں نے متاثرین سے مشکلات دریافت کیں۔آئی ایس پی آر کے مطابق اسی ماہ کی6 تاریخ کو ایل او سی پربھارتی شلنگ سے دو شہری جاں بحق ہوگئے تھے جبکہ یکم فروری کو بھی بھارت کی جانب سے شلنگ سے 4 خواتین سمیت 8 شہری زخمی ہوگئے تھے۔ان کا کہنا تھا کہ بھارتی فوجیوں کی خلاف ورزیوں میں15 نہتے شہری اور 65 سے زائد زخمی ہو چکے ہیں۔
اوڑی میں 2دیہات سے نقل مکانی
ظفر اقبال
اوڑی //درہ حاجی پیر سیکٹر میں بدھ کو ہندوپاک افواج کے درمیان شدید گولہ باری کے بعد 3رہائشی مکان تباہ ہونے کے بعد سلی کوٹ اور چرنڈا دیہات کے قریب 35 کنبوںنے نقل مکانی کی، جن کی رہائش کے انتظامات اوڑی انتظامیہ نے گورنمنٹ گرلز ہائر سکنڈری سکول اوڑی میں کئے گئے ہیں۔ ضلع ترقیاتی کمشنر بارہمولہ ناصر احمد نقاش ،جن کے ہمرہ ایس ایس پی بارہمولہ امتیاز حسین میر بھی تھے ،نے اوڑی میں لوگوں کیلئے انتظامات کاجائزہ لیا اور ان کے مسائل سنے۔ متاثرہ لوگوں نے سلی کوٹ،بلکوٹ،ہتھ لنگا ،صورہ، موٹھل، تلاواڑی ،تھاجل، ببٹگراںکے دیہات ،جو کنٹرول لائن پر واقع ہیں، میں زیر زمین بینکر تعمیر کرنے کی مانگ کی ۔ضلع ترقیاتی کمشنر نے متاثرہ لوگوں کو یقین دلایا کہ ان کے تمام تر مسائل کو جلد از جلد حل کرنے کی کوشش کی جائے گی۔