پرویز احمد
سرینگر //محکمہ فوڈ سیفٹی نے وادی میںبیرون ریاستوں سے برآمد کئے جارہے تیارچکن، کباب اور گوشت سے بنے دیگر پکوان یا چیزوں کو بغیر لیبل فروخت نہ کرنے کی ہدایت دی ہے۔ محکمہ کے افسران کا کہنا ہے کہ چند دکاندار بیرون ریاستوں سے تیار شدہ غیر معیاری چکن برآمد کرکے فروخت کررہے ہیںاور یہ چکن بیماریوں کا سبب بن سکتے ہیں۔ محکمہ فوڈ سیفی میں سراغ رسانی اور لیگل سیل کے سربراہ ہلال احمد میر نے بتایا ’’ تیار چکن، چکن کباب، مچھلی کباب اور گوشت سے بنی ہوئی چیزوں کو کسی کو بھی بغیر لیبل فروخت نہیں کرنا ہوتا ہے لیکن کشمیر میں یہ بغیر لیبل کے فروخت کیا جارہا ہے اور اس کو روکنے کیلئے محکمہ فوڈ سیفٹی نے کاروائی کرنے کا فیصلہ کیاہے۔ انہوں نے کہا کہ تیار چکن کیلئے پہلے سے ہی قواعد و ضوابط وضع کئے گئے ہیںجن میں تیار چکن کو ایک جگہ سے دوسری جگہ تک منتقل کرنے کیلئے ایک کولڈ چین کی ضرورت ہوتی ہے اور بیرون ریاستوں سے برآمد کے دوران اس کولڈ چین کو برقرار رکھنا لازمی ہے۔
انہوں نے کہا کہ وادی میں تیار چکن فروخت کرنے والے تاجر کولڈ چین کا انتظام نہیں کرتے اور اسی وجہ سے وادی منتقلی کے دوران یہ چکن خراب ہوجاتے ہیں۔ ہلال میر نے بتایا کہ عام بازاروں میں تیار چکن کو منفی 5درجہ حرارت میں رکھنا ہوتا ہے لیکن یہاں دکاندار اس کا خیال بھی نہیں رکھتے۔ فوڈ سیفٹی آفیسر کشمیر انعام النبی نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا ’’ تیار چکن فروخت کرنے والوں کے خلاف شکایات موصول ہورہی ہیں اور اس وجہ سے کارروائیوں کا آغاز کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وادی میں 10تاجر بیرون ریاستوں سے تیار چکن لاکر فروخت کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ تیار چکن کیلئے نہ تو کولڈ چین اور نہ ہی لیبل کرکے مرغ و غیر وہ فروخت کرتے ہیں۔ انعام نے کہا ’’ جس طرح بڑی کمپنیاں تیار چکن، کباب، مچھلی کباب وغیر ہ فروخت کرتے وقت لیبلنگ کا استعمال کرتی ہیں ، ویسے ہی سبھی دکانداروں کو کرنا ہے اور جو نہیں کریں گے ، ان کے خلاف کارروائی کی جائیگی۔ انہوں نے کہا ’’ لیبل میں چکن خریدنے اور تیار کرنے کی تاریخ، جمع کرنے کی جگہ کا درجہ حرارت، اور خراب ہونے کی تاریخ بھی درج ہونی چاہئے۔ انعام النبی نے بتایا ’’ آنے والے دنوں میں مزیدتاجروں کے خلاف کارروائی کرنے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر کسی کو بھی تیار چکن، کباب، مچھلی کباب اور دیگر کسی بھی غذا کے بارے میں شکایت ہے تو وہ محکمہ کی ہیلپ لائن 104پر رابطہ کرسکتے ہیں۔