عظمیٰ یاسمین
تھنہ منڈی// راجوری۔ تھنہ منڈی بفلیاز مغل روڈ پر تعمیراتی کام کے سلسلے میں عوام کی جانب سے کئی معاملات کو لیکر دھرم راج کنسٹریکشن کمپنی کے خلاف احتجاج کئے جارہے ہیں ۔اس سلسلے میں ہائر سیکنڈری اسکول ساج اور جامع مسجد ساج کے درمیان سے گزرنے والے راستے کو بھی دھرم راج کمپنی نے تقریباً دو ماہ پہلے مغل سڑک کو کشادہ کرنے کی غرض سے کٹائی کی تھی لیکن دو ماہ قبل کی جانے والی کٹائی جوں کی توں پڑی ہوئی ہے اور کنسٹر یکشن کمپنی کے مذکورہ قدم کی وجہ سے مذکورہ علاقہ میں 3دیہا ت کی عوام کیساتھ ساتھ ہائر سکینڈری سکول کا راستہ بھی بند پڑا ہوا ہے ۔سڑک ہموار اور کشادہ کرنے کی غرض سے کی جانے والی یہ کٹائی کم و بیش 5 فٹ اونچی ہے۔ مکینوں نے کشمیر عظمی کو بتایا کہ تقریباً 3 دیہات کے عوام بالخصوص گورنمنٹ ہائر اسکنڈری اسکول ساج کے طلباء و طالبات اور جامع مسجد میں آنے والے نمازیوںکو اسی راستے سے گزرنا پڑتا ہے لیکن مذکورہ کٹائی کی وجہ سے راہگیروں کو کافی پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے جبکہ بزرگوں اور بچوں کو یہاں سے آتے جاتے وقت کافی اذیتوں اور تکلیفوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے اور تھوڑی بھی لاپرواہی اور پھسلن ان کیلئے کسی بڑے خطرے کا باعث بن سکتی ہے۔ اس سلسلے میں سنی تحریک کونسل کے سربراہ اور نوجوان سیاسی رہنما محمد عرفان بھٹی اور ساج نیروجال کے کئی دوسرے افراد نے دھرم راج کنسٹریکشن کمپنی سے رابطہ کر انہیں اس راستے کی وجہ سے ہونے والی پریشانی سے آگاہ کیا اور انہیں جلد از جلد یہاں کام کرنے کی اپیل کی پر ان سب کے باوجود کمپنی کے کانوں میں جوں تک نہیں رینگی جبکہ ساج، نیروجال اور ڈنہ وغیرہ کی عوام کو اس راستے سے گزرنے میں مسلسل پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ اس موقع پر ساج اور نیروجال کی عوام نے تحصیلدار تھنہ منڈی ساحل علی شاہ اور ضلع ترقیاتی کمشنر راجوری وکاس کنڈل سے اس میں مداخلت کی اپیل کی تاکہ کر اس راستے سے گزرنے والے اسکولی طلباء اور دیگر راہگیروں کو راحت مل سکے۔
تھنہ منڈ ی سڑک کی کشادگی ،کئی جگہو ںپر لوگو ں کے راستے بند
