عظمیٰ یاسمین
تھنہ منڈی// اضلاع راجوری پونچھ کو وادی کشمیر سے ملانے والی راجوری تھنہ منڈی بفلیاز مغل شاہراہ کی توسیع کا کام شدو مد سے جاری ہے۔ دھرم راج کنسٹریکشن کمپنی نے راجوری تھنہ منڈی سڑک کی تعمیر کے کام کو تقریباً تکمیل کے مراحل میں پہنچا دیا ہے اور اب تھنہ منڈی تا بفلیاز مغل روڈ کی توسیع کا کام جاری ہے۔اس سلسلے میں قبل از وقت لوگوں کو انتظامیہ کی جانب سے نوٹس جاری کیا گیا کہ وہ جلد از جلد سڑک کی زد میں آنے والے مکانات کو خالی کردیں تاہم اتنا وقت گزر جانے کے باوجود مکینوں نے اس جانب کوئی خاص توجہ نہ دی چنانچہ گزشتہ روز ایس ڈی ایم تھنہ منڈی وکاس دھر بھگتی، تحصیلدار تھنہ منڈی سید ساحل علی شاہ اور جموں و کشمیر پولیس کی موجودگی میں سڑک کی زد میں آنے والے مکانات کو مسمار کرنے کا کام شروع کر دیا گیا۔ اس موقع پر ایس ڈی ایم نے تمام لوگوں سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ وہ سڑک کی زد میں آنے والے مکانات اور دکانوں کو فی الفور خالی کردیں تاکہ انہیں مسمار کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ روڈ کا باضابطہ ایک نقشہ مرتب ہو چکا ہے لہٰذا اسی نقشے پر اس روڈ کی تعمیر ہوگی۔ انھوں نے کہا کہ لوگ اس میں کسی بھی طرح کا رخنہ ڈالنے سے مکمل اجتناب کریں۔ انھوں نے مزید کہا کہ اس سلسلے میں لوگوں کے جائز مطالبات سننے کے لیے وہ ہر وقت دستیاب ہیں۔ وکاس دھر بھگتی نے ایک مرتبہ پھر تھنہ منڈی کے رینہ محلہ کے مکینوں سے بھی اپیل کی کہ وہ سڑک کی تعمیر میں اپنا بھرپور تعاون دیں تاکہ جلد از جلد اس پروجیکٹ کو مکمل کیا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ سڑکوں کی تعمیر ملک کی تعمیر وترقی کی ضامن ہوتی ہے لہٰذا اس میں سب لوگ اپنا تعاون پیش کریں۔ انھوں نے کہا کہ تھنہ منڈی میں بائی پاس روڈ کی تعمیر کے سلسلے میں چند جگہوں پر رکاوٹیں آرہی ہیں تاہم بہت جلد اس کے مثبت نتائج سامنے آئیں گے اور بہت جلد سڑک کا کام شروع کر دیا جائے گا۔ اس موقع پر تحصیلدار تھنہ منڈی سید ساحل علی شاہ نے بھی عوام سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ وہ سڑک کی تعمیر میں اپنا بھرپور تعاون پیش کریں۔ انھوں نے کہا کہ ہم عظمت آباد میں خصوصی کیمپ لگائے ہوئے ہیں تاکہ متاثرین کو معاوضہ حاصل کرنے میں کسی بھی طرح کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ ساحل علی شاہ نے لوگوں سے کہا کہ وہ اس سلسلے میں کسی بھی وقت ان سے بات کر سکتے ہیں تاکہ ان کے جائز مطالبات کا ازالہ ممکن ہو سکے۔