عظمیٰ یاسمین
تھنہ منڈی // سب ڈویژن تھنہ منڈی کے متعدد علاقے محکمہ سیاحت و حکومتی عدم توجہی کا شکار ہیں۔ انتہائی خوبصورت اور قدرتی حسن سے مالامال دلفریب نظاروں کا مسکن تھنہ منڈی کے متعدد مقامات حکومتی سطح پر و محکمہ سیاحت کی جانب سے مسلسل عدم توجہی کا شکار ہیں جہاں تھنہ منڈی میں مشہور و معروف زیارت بابا غلام شاہ بادشاہ شاہدرہ شریف،زیارت شریف بھٹیاں لاہ والی باؤلی ، مغل سرائے تھنہ منڈی، دیرہ کی گلی ، رتن پیر، سکھ سر کے علاوہ بھی بے پناہ قدرتی حسن موجود ہے لیکن گورنر انتظامیہ و محکمہ سیاحت نے اس علاقہ کی جانب کبھی بھی سنجیدہ رخ نہیں اپنایا۔ تھنہ منڈی کی عوام نے جن میں سماجی کارکن زبیر حسین شاہ، انجینئر ارشد اعجاز خان، منشی خان آفتاب ڈار ، سرپنچ عبدالعزیز ، محمد شکیل، نزیر احمد اور لعل حسین کے علاوہ بڑی تعداد میں لوگوں نے حکومت و محکمہ پر الزام عائد کیا ہے کہ انہوں نے ہمیشہ کی طرح تھنہ منڈی کے ساتھ سوتیلا سلوک اپنایا ہوا ہے۔جہاں محکمہ سیاحت نے دیگر علاقہ جات میں ٹورازم ڈیولپمنٹ اتھارٹی کا قیام عمل میں لایا ہے وہی تھنہ منڈی علاقہ کے شاہدرہ شریف،دیرہ کی گلی و لاہ والی باؤلی میں تا حال کسی بھی قسم کی تعمیر وترقی نہ ہوئی ہے جو کہ علاقہ کے ساتھ سراسر نا انصافی ہے اور انتہائی افسوس کا مقام ہے۔ اگرچہ یہ بات عیاں ہے کہ تھنہ منڈی میں درجنوں مقامات ایسے ہیں جن کو سیاحتی مقامات کا درجہ دیا جا سکتا ہے۔مگر افسوس اس بات کا ہے کہ نہ تو محکمہ سیاحت اور نہ ہی حکومت اسطرف خاطر خواہ توجہ دے رہی ہے اور اسطرح حکومت و محکمہ سیاحت کی عدم توجہی و غیر سنجیدہ رویے کے چلتے تھنہ منڈی ایک اہم سیاحتی مقام بننے سے رہ چکا ہے ضرورت اس بات کی ہے کہ محکمہ سیاحت و حکومت اس طرف سنجیدہ رخ اختیار کریں تاکہ قدرتی حسن سے مالا مال دلفریب نظاروں کا مسکن تھنہ منڈی کو یو ٹی بھر میں ایک منفرد مقام حاصل کرنے میں آسانی ہو سکے اور یہاں کے نوجوانوں کو روزگار کے مواقع بھی فراہم ہو سکیں۔