عظمیٰ یاسمین
تھنہ منڈی// گورنمنٹ ڈگری کالج تھنہ منڈی میں این سی سی وِنگ اور کالج کے دیگر طلباء کے اشتراک سے ’نشہ مکت بھارت‘ ریلی کا شاندار انعقاد کیا گیا۔ یہ بامقصد پروگرام کالج کے پرنسپل ڈاکٹر فاروق احمد کی سربراہی میں منعقد ہوا، جس میں این سی سی یونٹ کے سربراہ پروفیسر الطاف چوہدری، ڈاکٹر گلشن رشید بٹ، ڈاکٹر شیراز، ڈاکٹر محمد اشرف سمیت متعدد اساتذہ اور طلباء نے پرجوش شرکت کی۔ اس ریلی کا آغاز کالج احاطے سے ہوا اور یہ شاہدرہ پل تک جاری رہی۔ اس دوران طلباء نے منشیات کے خلاف زوردار نعرے لگائے اور اپنے ہاتھوں میں بینرز اور پلے کارڈز اْٹھا رکھے تھے، جن پر منشیات سے نجات اور صحت مند سماج کی تشکیل سے متعلق پیغامات درج تھے۔ کالج کے پرنسپل ڈاکٹر فاروق احمد نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ منشیات ایک مہلک اور جان لیوا لعنت ہے جو فرد، خاندان اور معاشرے کو تباہ کر دیتی ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ نوجوان تعلیم پر بھرپور توجہ دیں، مثبت سرگرمیوں اور کھیلوں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں اور ایسی تمام عادات سے دْور رہیں جو ان کی زندگی اور مستقبل کے لئے خطرہ بن سکتی ہیں۔ اساتذہ نے بھی طلباء پر زور دیا کہ وہ اس عہد کو اپنے عمل سے ثابت کریں اور سماج میں منشیات کے خلاف شعور اجاگر کرنے میں اپنا کردار ادا کریں۔ ریلی کے دوران یہ پیغام دیا گیا کہ ’نشہ مکت بھارت‘ محض ایک نعرہ نہیں بلکہ ایک اجتماعی ذمہ داری ہے، اور نوجوان نسل ہی اس مہم کو کامیابی سے ہمکنار کر سکتی ہے۔