عظمیٰ یاسمین
تھنہ منڈی// گورنمنٹ ڈگری کالج تھنہ منڈی میں شعبہ جغرافیہ کے زیر اہتمام “پائیدار زندگی کیلئے سائنس کی اہمیت کے عنوان پر ایک روزہ ورچوئل نیشنل سائنس کانفرنس کا انعقاد کیا گیا۔ اس پروگرام میں پروفیسر حضرات، ماہرین تعلیم، محققین، مفکرین، منصوبہ ساز ماہرین اور طالب علموں کی بڑی تعداد نے ملک کے مختلف حصوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقے جموں و کشمیر سے شرکت کی۔ شعبہ جغرافیہ کو ہندوستان کی تقریباً تمام ریاستوں سے تقریباً 300 اندراجات موصول ہوئے جبکہ کچھ مندوبین جنوبی افریقہ اور دنیا کے دیگر ممالک سے بھی اس کانفرنس میں شریک ہوئے۔ پروگرام کا انعقاد تین مختلف سیشنوں میں کیا گیا جس میں رپورٹنگ اور افتتاحی سیشن، کلیدی نوٹ کے لئے تکنیکی سیشن، مذاکرات اور اختتامی سیشن شامل ہیں۔ کانفرنس کے پہلے سیشن کی نظامت شعبہ فزکس کے سربراہ پروفیسر اعجاز نذیر نے کی۔ شعبہ جیوگرافی کے سربراہ ڈاکٹر خالد ریاض اور کانفرنس کے آرگنائزنگ سیکرٹری نے باضابطہ طور پر تمام مندوبین، مقررین اور دیگر شرکاء کا خیر مقدم کیا اور بین الاقوامی سائنس ڈے کے موقع پر پائیدار زندگی کے لئے سائنس کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔ کالج کے پرنسپل ڈاکٹر فاروق احمد نے اپنے افتتاحی خطاب میں پائیدار ترقی کیلئے سائنس اور ٹیکنالوجی کے استعمال پر سیر حاصل گفتگو کی۔
ڈاکٹر رامیشور پرساد سنگھ، ایسوسی ایٹ پروفیسر، شعبہ جغرافیہ، اور اودھی بہاری سنگھ کالج بہار، اس موقع پر اہم مقررین تھے جنہوں نے موجودہ حالات میں پائیدار زندگی گزارنے کے لئے سائنس کی حیثیت اور اہمیت کے بارے میں بات کی۔ ڈویژن آف پلانٹ بائیو ٹیکنالوجی SKUAST کشمیر سے تعلق رکھنے والے ڈاکٹر خالد زیڈ مسعودی ان مدعو مقررین میں سے ایک تھے جنہوں نے بائیوٹیکنالوجی ایجادات کے استعمال پر زور دیا جو دنیا میں انٹرپرینیورشپ کی طرف لے جاتی ہیں۔ تاہم، ڈاکٹر کارتیکا کرشنن، گورنمنٹ کالج کریاوٹوم، کیرالہ یونیورسٹی (کیرالہ) نے نکاسی کے نظام کی پائیدار بحالی کے لیے اسٹریم کوریڈورز کی ماڈلنگ ڈیفارمیشن کے بارے میں اپنے تجربات کی روشنی میں اہم بات کی۔ انھوں نے کسی بھی علاقے کے نکاسی آب کے نظام کو بحال اور ہہتر کرنے کے لیے کچھ مؤثر طریقے اور تجاویز پیش کیں۔ ڈاکٹر راجندر سنگھ چارک، شعبہ جغرافیہ، جموں یونیورسٹی، جموں نے بدلتی ہوئی دنیا میں پائیدار زندگی کے لیے جیو انفارمیٹکس کے کردار کو سمجھنے پر اپنی اہم گفتگو کی۔ دوسری طرف ڈاکٹر ارون کمار شرما، شعبہ فزکس، گورنمنٹ۔ ڈگری کالج، بلاور، نے پائیدار زندگی کے لیے فزکس اور ٹیکنالوجی کا ایک مختصر خاکہ پیش کیا۔ دوسرے سیشن کی نظامت ڈاکٹر مقدس کریم، سربراہ، شعبہ کیمسٹری، گورنمنٹ ڈگری کالج تھنہ منڈی نے کی جبکہ اختتامی تقریب پروفیسر راحیلہ مشتاق، سربراہ، شعبہ زولوجی گورنمنٹ ڈگری کالج تھنہ منڈی نے انجام دی۔معروف ریاضی دان ریٹائرڈ پرنسپل پروفیسر ڈاکٹر شکیل احمد رینہ نے مہمان خصوصی کی حیثیت سے اختتامی تقریب میں شرکت کی۔ شعبہ ریاضی کے سربراہ پروفیسر ڈاکٹر اطہر عزیز رینہ اور اپلائیڈ میتھمیٹکس کے سربراہ پروفیسر طاہر ندیم نے کالج کے آفیشل فیس بک پیج اور یوٹیوب چینل پر ایونٹ کی لائیو سٹریمنگ میں تکنیکی مدد فراہم کی۔ ڈگری کالج تھنہ منڈی میں شعبہ نباتیات کے سربراہ ڈاکٹر راجندر سنگھ، نے حتمی رپورٹ پیش کی اور تمام مقررین اور مہمانوں کا شکریہ ادا کیا۔