عظمیٰ نیوز سروس
راجوری//فوج نے ’آپریشن سدبھاونہ ‘کے تحت تھنہ منڈی، راجوری ضلع میں خواتین کی شخصیت سازی اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کی تربیت کا آغاز کیا ہے۔ اس سکل ڈیولپمنٹ پروگرام کا مقصد خواتین کی کمیونی کیشن اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کی مہارت کو بڑھانا اور ان کے ذاتی و پیشہ ورانہ زندگیوں میں کامیابی حاصل کرنے کے لئے ان کے اعتماد کو فروغ دینا ہے۔یہ تربیتی کورس 18 فروری 2025 سے 20 مارچ 2025 تک جاری رہے گا، جس میں مقامی کمیونٹی کی بیس خواتین نے بھرپور شرکت کی۔ بھارتی فوج ہمیشہ مقامی نوجوانوں کی رہنمائی اور انہیں سکل ڈیولپمنٹ کے مواقع فراہم کرنے میں پیش پیش رہی ہے۔خواتین کی شخصیت سازی اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کی ٹریننگ ایک جامع پہل ہے جو خواتین کو انفارمیشن ٹیکنالوجی کی مہارتوں میں مضبوط بنیاد فراہم کرنے کے لئے ڈیزائن کی گئی ہے۔ اس ورکشاپ میں خواتین کو کمیونی کیشن کی صلاحیتوں کو بڑھانے، اعتماد بڑھانے اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کی تربیتی ماڈیولز جیسے کمپیوٹر پروگرامنگ، ڈیٹا اینالیسس، ڈیجیٹل لٹریسی اور سائبر سیکورٹی کے بارے میں تربیت دی جا رہی ہے۔یہ تربیت خواتین کو ایک دوسرے سے جڑنے، اپنے پیشہ ورانہ پورٹ فولیوز کو بہتر بنانے اور اپنے کاروبار شروع کرنے یا منتخب شعبوں میں قیادت کے کردار ادا کرنے کیلئے ضروری مہارتوں اور علم حاصل کرنے کا ایک منفرد موقع فراہم کرتی ہے۔ ہر شریک کی ترقی ان کی محنت اور عزم کا ثبوت ہے۔اس پروگرام کے اختتام پر تمام شرکاء کو ان کی شرکت کے لئے سرٹیفکیٹس اور تحائف دیے جائیں گے۔ خواتین کی شخصیت سازی اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کی تربیت ایک اور اہم سنگ میل ہے جو بھارتی فوج کے مقامی کمیونٹی کے لئے مسلسل عزم کا اظہار ہے۔