عظمیٰ یاسمین
تھنہ منڈی// مرکزی جامع مسجد تھنہ منڈی کے قریب ہینڈ پمپ کی تنصیب پر مقامی عوام نے بے حد خوشی اور اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے ڈی ڈی سی تھنہ منڈی عبد القیوم میر کے اقدامات کو سراہا ہے۔ عبد القیوم میر، جو کہ ضلع وقف بورڈ راجوری کے چیئرمین بھی ہیں، کی کاوشوں سے یہ منصوبہ پایہ تکمیل تک پہنچا۔ اس ہینڈ پمپ کی تنصیب سے نہ صرف جامع مسجد آنے والے ہزاروں نمازیوں بلکہ مدرستہ التوحید کے طلباء کو بھی پینے کے صاف پانی کی سہولت میسر ہوگی۔ اس موقع پر مدرستہ التوحید کے سرپرست اعلیٰ اور جامع مسجد تھنہ منڈی کے امام و خطیب مفتی عبد الرحیم قاسمی نے کہا کہ عبد القیوم میر نے عوام کی دیرینہ اور جائز مانگ کو پورا کر کے ایک اہم ضرورت کو حل کیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ یہ ہینڈ پمپ ایک عرصے سے علاقے کی ضرورت تھی، جس کی تکمیل سے نہ صرف نمازیوں بلکہ مدرسے کے طلباء کو بھی سہولت حاصل ہوگی۔ ہم اس نیک اقدام پر عبد القیوم میر کے بے حد شکر گزار ہیں‘۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ اقدام نہ صرف عوامی خدمت کی بہترین مثال ہے بلکہ اس سے عبد القیوم میر کی عوامی فلاح و بہبود کے لئے خلوص اور عزم بھی ظاہر ہوتا ہے۔ تقریب کے دوران علاقے کے معززین نے بھی عبد القیوم میر کا شکریہ ادا کیا۔ ان میں قاضی ظفر، شہباز خان، ماسٹر ممتاز خان، حاجی حمید، منظور مرزا، حافظ امجد علی اور دیگر کئی لوگ شامل تھے۔ انہوں نے کہا کہ عبد القیوم میر نے عوامی مسائل کو حل کرنے میں جو دلچسپی اور سنجیدگی دکھائی ہے، اس سے علاقے کے لوگوں کے دل جیت لیے ہیں۔ شہباز خان نے کہا کہ ’’عبد القیوم میر نے جس خلوص کے ساتھ اس منصوبے کو پایہ تکمیل تک پہنچایا ہے، وہ قابلِ تحسین ہے۔ ہم امید کرتے ہیں کہ وہ آئندہ بھی علاقے کی فلاح و بہبود کیلئے ایسے ہی اقدامات کرتے رہیں گے‘‘۔ علاقے کے عوام نے اس امید کا اظہار کیا کہ ڈی ڈی سی چیئرمین عبد القیوم میر مستقبل میں بھی اسی جذبے کے ساتھ عوامی فلاح و بہبود کے منصوبے جاری رکھیں گے اور علاقے کی ترقی میں اہم کردار ادا کرتے رہیں گے۔ تقریب کے اختتام پر دعا کی گئی کہ اللہ تعالیٰ اس نیک کام کو قبول فرمائے اور اس سے لوگوں کو زیادہ سے زیادہ فائدہ حاصل ہو۔