عظمیٰ یاسمین
تھنہ منڈی// سب ڈویژین تھنہ منڈی میں بجلی کی بہت زیادہ کٹوتی اور آنکھ مچولی کی وجہ سے عام صارفین کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ اس سلسلے میں سب ڈویژن تھنہ منڈی میں کے متعدد صارفین نےبتایا شدید گرمی کے اس موسم میں بجلی کی عدم دستیابی اور غیراعلانیہ کٹوتی اور آنکھ مچولی سے انھیں سخت پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ اس موقع پر کئی لوگوں نے متعلقہ محکمہ اور مقامی انتظامیہ کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ گزشتہ کئی دنوں سے تھنہ منڈی سب ڈویژن کے مختلف علاقوں بالخصوص قصبہ تھنہ منڈی میں بجلی کی غیر اعلانیہ کٹوتی کا عمل جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ بجلی کی جانب سے عوام کو شدید گرمی کے موسم میں نامعلوم وجوہات کی بناء پر پریشان کیا جارہا ہے البتہ بجلی کے ماہانہ بل مسلسل ارسال کئے جارہے ہیں۔ انہوں نے الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ متعلقہ محکمہ بجلی کے خستہ حال نظام کو معیاری بنانے میں بالکل بھی سنجیدہ نہیں ہے اور نہ ہی بجلی کی معقول سپلائی فراہم کرنے کی جانب دھیان دیا جا رہا ہے۔ لوگوں کا کہنا ہے کہ بجلی کی آنکھ مچولی سے یہاں کے عام لوگوں کے ساتھ ساتھ طلبہ کی پڑھائی پر بھی منفی اثرات مرتب ہو رہے ہیں۔ مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ سردی موسم میں بھی یہاں پر بجلی کی فراہمی متاثر رہتی ہے اور اب گرمی کے موسم میں بھی بجلی کا برا حال ہے جس سے عوام کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ انہوں نے ایک مرتبہ پھر متعلقہ محکمہ سے وقت رہتے بجلی کے نظام اور ٹائم ٹیبل کو درست کرنے کی اپیل کی ہے تاکہ صارفین کو مزید دقتوں کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ اس موقع پر علاقہ بھر سے متعدد صارفین نے تحصیل انتظامیہ سے مانگ کرتے ہوئے کہا ہے کہ تھنہ منڈی سب ڈویژن کے شہری اور دیہی علاقوں میں بجلی کی سپلائی کو شیڈول کے مطابق فراہم کرنے کیلئے متعلقہ محکمہ کو ہدایات جاری کی جائیں ۔