عظمیٰ یاسمین
ٹھنہ منڈی // تحصیل تھنہ منڈی کے وارڈ نمبر ایک میں واقع وکاس پل کے نزدیک ایک افسوسناک حادثہ پیش آیا جس میں ایک آلٹو گاڑی (نمبر: ) حادثے کا شکار ہوگئی۔ حادثے میں تین نوجوان زخمی ہوگئے جنہیں فوری طور پر تھنہ منڈی ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں ان کا علاج جاری ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ یہ آلٹو گاڑی دہرہ گلی سے تھنہ منڈی کی جانب آ رہی تھی جب یہ حادثہ پیش آیا۔ مقامی لوگوں کے مطابق حادثے کی بنیادی وجہ سڑک کی خستہ حالی ہے، جو اس علاقے میں اکثر حادثات کا سبب بن رہی ہے۔ حادثے میں زخمی ہونے والوں کی شناخت ظہیر اقبال ولد صابر حسین، سکنہ ٹھنڈی کسی عمر 18 سال؛ ظہیر احمد ولد جاوید احمد عمر 17 سال سکنہ گھمبیر براہمناں؛ اور محمد یاسر ولد عبدالغنی عمر 18 سال سکنہ کوٹ دھڑا کے طور پر ہوئی ہے۔ مقامی لوگوں نے انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ علاقے میں سڑک کی حالت کو بہتر بنانے کے لیے فوری اقدامات کئے جائیں تاکہ مزید حادثات سے بچا جا سکے اور انسانی جانوں کا تحفظ بھی یقینی بنایا جا سکے۔ لوگوں نے مزید کہا کہ سڑک کی خستہ حالی کی وجہ سے کئی قیمتی جانیں اس سے پہلے بھی ضائع ہو چکی ہیں، اور فوری مرمت نہ ہونے کی صورت میں مزید حادثات کا خدشہ ہے۔ لوگوں نے مقامی انتظامیہ سے اپیل کی کہ وہ جلد از جلد سڑک کی مرمت کا کام شروع کرے تاکہ آئندہ اس قسم کے حادثات سے بچا جا سکے۔