عظمیٰ نیوز سروس
جموں //لیفٹیننٹ گورنر کے مشیر راجیو رائے بھٹناگر نے سول سیکرٹریٹ میں اسکل ڈیولپمنٹ ڈیپارٹمنٹ ( ایس ڈی ڈی ) کی مختلف جاری اسکیموں کے فزیکل اور مالیاتی پیش رفت کا جائیزہ لینے کیلئے منعقدہ ایک میٹنگ کی صدارت کی ۔ میٹنگ میں سیکریٹری ایس ڈی ڈی ، ڈائریکٹر ایس ڈی ڈی ، مشن ڈائریکٹر اسکل ڈیولپمنٹ مشن ، ڈائریکٹر فائنانس ایس ڈی ڈی ، پولی ٹیکنک کالجوں اور آئی ٹی آئی کے پرنسپل اور سپرنٹنڈنٹس ، ایگزیکٹو انجینئرز اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی ۔ میٹنگ کے دوران مشیر نے پی ایم وشو کرما یوجنا ، پی ایم کے وی وائی ، سنکلپ ، ایس ٹی آر آئی وی ای اور دیگر اسکیموں کا تفصیلی جائیزہ لیا اور اس کے علاوہ انہوں نے محکمہ کے کیپیکس 2023-24 کا اندازہ بھی لیا ۔میٹنگ کے دوران مشیر بھٹناگر نے ہر اسکیم کے کامیاب نفاذ کو یقینی بنانے کیلئے مختص وسائل کو موثر طریقے سے استعمال کرنے کی اہمیت پر زور دیا ۔ انہوں نے افسران پر زور دیا کہ وہ ان اسکیموں کی باقاعدگی سے نگرانی کریں تا کہ مطلوبہ اہداف حاصل کئے جا سکیں ۔ مشیر نے مزید کہا کہ نوجوانوں کیلئے روز گار کے مواقع پیدا کرنے میں ہنر مندی کے اداروں کا بنیادی کردار ہے ۔ انہوں نے افسران پر زور دیا کہ وہ تکنیکی اداروں میں دستیاب کورسز اور ٹریڈز کے حوالے سے نوجوانوں میں بیداری پیدا کریں تا کہ وہ موجودہ بڑھتی ہوئی تکنیکی دنیا میں روز گار کے مواقع حاصل کر سکیں ۔ پولی ٹیکنک کالجوں اور آئی ٹی آئی کی کارکردگی کا جائیزہ لیتے ہوئے مشیر نے افسران پر زور دیا کہ وہ ہائیر سکینڈری سکولوں اور کالجوں میں بیداری پروگرام اور دیگر اقدامات کا اہتمام کریں تا کہ داخلوں میں اضافہ کیا جا سکے ۔ انہوں نے ان سے طلباء کو ابھرتی ہوئی تجارتوں اور تکنیکی اداروں کی طرف سے پیش کئے جانے والے کورسز سے بھی واقف کرانے کو کہا تا کہ وہ اس کی طرف راغب ہوں ۔ محکمہ کے دیگر امور کا جائیزہ لیتے ہوئے مشیر نے افسران سے کہا کہ وہ فیکلٹی کی خدمات کو موثر طریقے سے استعمال کریں ۔ انہوں نے محکمہ کو مشورہ دیا کہ وہ اسکولی تعلیم اور اعلیٰ تعلیم کے محکموں کے ساتھ ہم آہنگی تلاش کرے تا کہ اس بات کو یقینی بنایا جا سکے کہ ان کے اساتذہ کی خدمات ایس ڈی ڈی کے تکنیکی اداروں میں استعمال کی جائیں ۔ انہوں نے ڈائریکٹر ایس ڈی ڈی سے بھی کہا کہ وہ فیکلٹی کو جوابدہ بنائیں اور انہیں مضامین کے مطابق نتائج کا ذمہ دار بنائیں ۔ مشیر نے پورے جموں و کشمیر میں ہنر مندی کی ترقی کے اقدامات کے اثر کو زیادہ سے زیادہ کرنے کیلئے وسائل کو بہتر بنانے اور شراکت داری سے فائدہ اٹھانے کیلئے محکمے کی غیر متزلزل لگن کا اعادہ کیا ۔ میٹنگ کے دوران ڈائریکٹر ایس ڈی ڈی نے مختلف شعبوں میں ہونے والی پیش رفت کے ساتھ ساتھ محکمے کی کارکردگی کے بارے میں تفصیلی پرذنٹیشن دی ۔