سرینگر// زراعت کے وزیر غلام نبی لون ہانجورہ نے کہا ہے کہ ریاستی حکومت کشمیر کی صنعت ریشم کو بڑھاوا دینے اور اس میں نئی روح پھونکنے کی وعدہ بند ہے۔ انہوں نے کہا کہ غنچہ ابریشم کو مارکیٹ کی سہولیات فراہم کرنے کے بھی اقدامات کئے جائیں گے۔وزیر نے ان باتوں کا اظہار کل تُلسی باغ میں سلک ورم سیڈ کولڈ سٹور کے افتتاح کرنے کے موقعہ پر کیا، کولڈ سٹور 6 ماہ کے عرصہ میں1.25 کروڑ روپے کی لاگت سے تیار کیا گیا۔ پلانٹ میں ایک وقت میں20 ہزار ریشم کے کیٹروں کے بیج رکھنے کی گنجائش ہے۔ہانجورہ نے کہا کہ ریاست میں غنچہ ریشم کی پیداوار بڑے پیمانے پر کرنے کے وسائل موجود ہیں اور اس طرح سے بہت سارے لوگ اس صنعت سے وابستہ ہوسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ریاست میں اور زیادہ سلک ریلینگ یونٹ قائم کئے جاسکتے ہیں تا کہ غنچہ ریشم کی پیداوار میں اضافے کی بدولت روز گار کے مزید امکانات پیدا ہوں۔وزیر نے اس بات پر اطمینان کا اظہار کیا کہ پچھلے سال غنچہ ابریشم پیدا کرنے والے لوگوں کو نیلامی کے دوران اپنی محنت کا مناسب پھل حاصل ہوا۔ انہوں نے کسانوں کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے حکومت کا تعاون دے کر سریکلچر سرگرمیوں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا۔اس موقعہ پر وزیر نے کسانوں اور ریلینگ یونٹ ہولڈروں کے ساتھ بات چیت کی جنہوں نے وزیر کو اپنے مطالبات کی ایک فہرست پیش کی۔ وزیر نے یقین دلایا کہ اُن کے جائیز مطالبات پر غور کیا جائے گا۔ایم ایل اے بٹہ مالو نور محمد شیخ، سیکرٹری محکمہ زرعی پیداوار میر طارق علی، ڈائریکٹر ایگری کلچر کشمیر خورشید اعجاز اندرابی اور دیگر سنیئر افسران بھی اس موقعہ پر موجود تھے۔