نئی دہلی// جنتر منتر پر اپنے مطالبات کے سلسلے میں گزشتہ 28 دنوں سے دھرنے پر بیٹھے تمل ناڈو کے کسانوں نے ساوتھ بلاک میں واقع وزیر اعظم کے دفتر کے باہر عریاں ہوکر مظاہرہ کیا۔ کسانوں کے ایک وفد دہلی پولیس کے ساتھ وزیر اعظم مودی کو میمورنڈم دینے کے لئے ساوتھ بلاک گیا تھا۔ اس وقت وزیر اعظم دفتر میں نہیں تھے۔ کچھ دیر انتظار کرنے کے بعد خشک سالی اور قرض سے پریشان کسانوں سے انتظار برداشت نہیں ہوا اور اس میں سے ایک کسان پولیس کی گاڑی سے اچانک کود پڑا اور عریاں ہوکر سڑک پر دوڑنے لگا۔ اس کی وجہ سے وہاں عجیب صورت حال پیدا ہو گئی۔ بعد میں کچھ اور کسان بھی عریاں ہوکر سڑک پر آ گئے۔یہ کسان گزشتہ 28 دن سے جنتر منتر پر اپنے مطالبات کے سلسلے میں مظاہرہ کر رہے ہیں۔ ان سے ملنے کانگریس نائب صدر راہل گاندھی بھی گئے تھے۔ اس کے علاوہ کانگریسی لیڈر منی شنکر ایر اور ڈی ایم کی رہنما انوموجھی بھی ان کسانوں سے مل چکی ہیں۔ تمل ناڈو کے ان کسانوں کا کہنا ہے کہ وہ شدید خشک سالی اور قرض کے بوجھ کے تلے دبے ہوئے ہیں۔ ریاست میں شمال مشرقی مانسون کے دوران بہت کم بارش ہوئی ہے۔ کسانوں کا کہنا ہے کہ خشک سالی اور قرض کے بھاری بوجھ کی وجہ سے خود کشی کے معاملے بڑھ رہے ہیں۔