عظمیٰ نیوز سروس
راجوری// راجوری میں پراسرار بیماری کے نتیجے میں اب تک 17 لوگوں کی موت ہو گئی ہے۔گورنمنٹ میڈیکل کالج راجوری کے پرنسپل ڈاکٹر امرجیت سنگھ بھاٹیہ کے مطابق اموات میں ایک عام عنصر دماغ کا ملوث ہونا اور اعصابی نظام کو نقصان پہنچنا ہے۔ڈاکٹر بھاٹیہ نے کہاکہ چندی گڑھ اور لکھنو کے فرانزک محکمے اور وزارت داخلہ کی ٹیمیں یہاں موجود ہیں اور اب تک یہ پایا گیا ہے کہ تمام اموات میں ایک عام عنصر دماغ کا ملوث ہونا اور اعصابی نظام کو نقصان پہنچنا ، پایا گیا ہے۔انہوں نے اس ‘نامعلوم بیماری’ سے متاثر لوگوں کی صحت یابی کی شرح پر بھی زور دیا۔بھاٹیہ نے کہا “جی ایم سی راجوری میں داخل 9 مریضوں میں سے 5 صحت یاب ہو گئے۔ ہم نے حفاظتی سی ٹی اسکین بھی کروائے ، لیکن ایک بار دماغ کے کام نہ کرنے کے بعد صحت یابی مشکل ہو جاتی ہے،” ۔ انہوں نے مزید کہا”ہم جلد ہی(بیماری کے پیچھے)وجہ تلاش کرنے کی امید کر رہے ہیں، ہم لوگوں کو تعلیم دیں گے اور ان میں بیداری پیدا کریں گے جیسے کھانے کا تبادلہ نہ کریں‘‘۔