جموں //سیکرٹری ہیلتھ اینڈ میڈیکل ایجوکیشن ( ایچ اینڈ ایم ای ) بھوپندر کمار کی صدارت میں ایک جائیزہ میٹنگ منعقد کی گئی تا کہ جموں و کشمیر یو ٹی میں نشہ چھڑانے کے مراکز کے آپریشنل ہونے کی پیش رفت کی نگرانی کی جا سکے ۔ نشہ مکت جے اینڈ کے ابھیان کے تحت یو ٹی کے ہر ضلع میں نشہ چھڑانے کے مراکز کو فعال کرنے کا فیصلہ کیا گیا تا کہ منشیات کی بدعت اور منشیات کے استعمال کے مریضوں کو مشاورت ، علاج اور بحالی کی خدمات فراہم کی جا سکیں ۔ میٹنگ میں بتایا گیا کہ یو ٹی بھر کے 18 اضلاع میں سہولیات بھی اکتوبر کے آخیر تک شروع کی جائیں گی ۔ تمام چیف میڈیکل آفیسر نے میٹنگ میں بتایا کہ نشہ مکت جموں و کشمیر ابھیان کی مہم کو بھر پور طریقے سے نافذ کیا جا رہا ہے ۔ بلاک اور پنچایت کی سطحوں پر آؤٹ ریچ کیمپ اور ڈی ایڈکشن سرگرمیوں کیلئے باقاعدہ انفارمیشن ایجوکیشن اینڈ کمیونیکیشن ( آئی ای سی ) کا انعقاد کیا جا رہا ہے ۔ انہوں نے مزید بتایا کہ محکمہ سماجی بہبود کے تعاون سے محکمہ صحت نے منشیات کے عادی افراد کو متعلقہ منشیات سے چھٹکارا مراکز میں رجسٹریشن کیلئے متحرک کیا ہے ۔ نشہ چھڑانے کے مراکز نہ صرف علاج و معالجے کی خدمات فراہم کر رہے ہیں بلکہ وہ ایچ آئی وی ، ہیپاٹائٹس بی اور سی جیسے انجکشن کے لئے بھی مضامین کی سکریننگ کر رہے ہیں ۔شعبہ نفسیات کے سربراہ جی ایم سی جموں /سرینگر نے سیکرٹری موصوف کو ڈاکٹروں اور سٹاف نرسوں کی ریفریشر ٹریننگ کے بارے میں آگاہ کیا تا کہ ان کے متعلقہ اداروں میں منشیات کے عادی مریضوں کو سنبھالا جا سکے ۔ سیکرٹری صحت نے پرنسپلوں اور سی ایم اوز کو ان کے متعلقہ اداروں میں قلیل مدت میں ڈی ایڈکشن سروسز کے قیام اور ان ڈی ایڈکشن سینٹروں میں مریضوں کی تعداد میں اضافے پر ستائش کی۔ میٹنگ میں محترمہ آیوشی سودن ایم ڈی این ایچ ایم جے اینڈ کے ، ڈاکٹر ششی سودن پرنسپل جی ایم سی جموں ، ڈاکٹر سمعیہ راشد پرنسپل جی ایم سی سرینگر ، ڈاکٹر سمیر مٹو پروجیکٹ ڈائریکٹر جے کے ایس اے سی ایس ، ایچ او ڈیز سائیکاٹری جی ایم سی جموں /سرینگر ، گیسٹرو انٹرالوجی جی ایم سی جموں /کشمیر ، تمام سی ایم اوز اور محکمہ صحت اور طبی تعلیم کے سینئر افسران نے شرکت کی ۔